لندن :بھمبر آزاد کشمیر کے انتہائی پسماندہ علاقے چسانگی یونین کونسل پتنی تحصیل برنالہ حلقہ سات ضلع بھمبر میں عبدالعزیز پبلک سکول کی نئی عمارت تعمیر ہونے کے بعد افتتاح کردیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر پرائمری سطح سے کلاسوں کی باقاعدہ شروعات ہوگئی ہیں سکول کا افتتاح پیٹربراء یوکے میں مقیم کاروباری اور سماجی رہنما چوہدری عبدالعزیز نے کیا ہے جنہوں نے اس سے پہلے عبدالعزیز فاونڈیشن کے تحت اپنی مدد آپ سے لوگوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کے لئے قرض حسنہ دینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
سکول کی تعمیر کا پس منظر بتاتے ہوئے چوہدری عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ یونین کونسل پتنی سے انہیں ایک بہن نے خط لکھا تھا کہ اس علاقے میں نہ پینے کا پانی ہے اور نہ ہی دور دراز تک بچیوں کا کوئی سکول ہے جس کے بعد انہوں نے یہ ضروری سمجھا کہ اس علاقے میں سکول کی تعمیر کی جائے انہوں نے کہا کہ اس سکول کا قیام اگرچہ ایک مشکل مرحلہ تھا لیکن چونکہ یہ لائن آف کنٹرول کا علاقہ ہے اور یہاں تعینات پاک افواج کے جوان اور آفیسرز نہ صرف وطن کا دفاع کرنے میں سینہ سپر رہتے ہیں بلکہ اس علاقے میں بہتری لانے خوشحالی کیلئے بھی ہمہ تن خاموشی سے مصروف رہتے ہیں اور یہاں تعلیم کو عام کرنے میں سب سے زیادہ دلچسپی بھی ظاہر کرتے ہیں انہوں نے یہاں تعینات پاک افواج کا شکریہ ادا کیا جن کی مدد اور تعاون سے یہ سکول تعمیر ہوا ۔
یاد رہے کہ بھمبر کی اس لائن آف کنٹرول پر پاک افواج نے اپنی مدد آپ کے تحت شہریوں کی حفاظت کے لئے گھروں کے ساتھ کمیونٹی بنکرز بھی بنا کر شہریوں کو دئیے ہوئے ہیں تاکہ دشمن کے کسی ممکنہ حملے کی صورت میں شہری محفوظ رہیں سکول کے افتتاح کے موقع پر اس وقت دل کو چھو جانے والے مناظر دیکھنے اور ُسنےگئے جب ننھے منے بچوں نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور ملی نغمے بھی گائے بچوں نے قائداعظم اور علامہ اقبال کی شخصیات پر اپنے مقالہ جات بھی سُنائے چوہدری عبدالعزیز نے بچوں میں تحائف تقسیم کئے انہوں نے کہا سکول تعمیر کرنا تو آسان ہوتا ہے لیکن سکول کو چلانا اب علاقے کے لوگوں پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح اس سکول کو چلاتے ہیں یہ بات قابل افسوس ہے کہ لوگ محل نما مکانات اور کوٹھیاں تو تعمیر کرتے ہیں لیکن سکول نہیں قائم کرتے جبکہ تعلیم ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئےاس کا انحصار ہماری آئندہ نسلوں سے ہے۔
اس موقع پر شیراز خان اور سکول کے انچارج حافظ ظفر اقبال اور دیگر نے تعلیم کی فضیلت اور اہمیت کو اجاگر کیا اور سکول سے اپنا تعلق اور تعاون برقرار رکھنے کا اعادہ کیا جبکہ علاقہ عوام نے سکول کھولنے پر چوہدری عبدالعزیز اور دیگر کا شکریہ ادا کیا ہے یاد رہے کہ تین کمروں کے اس سکول میں ایک آفس باتھ رومز اور ساری سہولیات فراہم کی گئی ہیں چوہدری عبدالعزیز نے سکول کی عمارت کو کشادہ کرنے اور اس سکول کو ٹیسٹ کیس قرار دیا ہے اور ابتدائی طور پر تین اساتذہ کو بہترین سالانہ رزلٹ حاصل کرنے کا چیلنج دیا گیا ہے اور علاقے کے عوام نے سکول تعمیر کرنے پر شکریہ ادا کیا اور مل جل کر سکول چلانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
Comments are closed.