لوٹن میں ڈائریکٹر الحرا پروفیسر مسعود اختر ہزاروی کی زیر نگرانی نادرا سرجری کا انعقاد

163

لوٹن: پاکستان ہائی کمیشن لندن کی جانب سے معذور، عمر رسیدہ افراد اور بچوں سمیت خواتین کو ان کی دہلیز پر نادرا سہولیات کی فراہمی کے تسلسل میں الحرا ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر اینڈ مسجد لوٹن میں ڈائریکٹر الحرا پروفیسر مسعود اختر ہزاروی کی زیر نگرانی ایک سرجری کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً دو سو سے زائد افراد کے نادرا کارڈ اور دستاویزات کی تصدیق کی گئی۔اس موقع پر میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ موومنٹ کےعبوری چیئرمین حاجی چوہدری محمد قربان نے آزاد کشمیر میں میرپور کے مقام پر ائرپورٹ کے قیام اور چک ہریام پل کی تعمیر کے لیے تیار کیے گئے ایک بیان حلفی پر دستخط بھی کرائے، ان تمام سروسز پر کمیونٹی نے ہائی کمیشن سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیز ویلفئیر کونسل OPWC ،علماء مشائخ فورم اور الحراء ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر لوٹن کے باہمی تعاون سے نادرا سرجری کا انعقاد کیا گیا، نادرا سرجری کے انتظامات میں صدر او پی ڈبلیو سی علماء مشائخ فورم پروفیسر مسعود اختر ہزاروی سمیت صدر بزنس فورم مجاہد حسین، صدر پروفیشنل فورم ساؤتھ راجہ غلام عباس، صدر لندن انجینئر وقاص سہیل، راجہ جاوید خان اور محمد عارف بھی انتظامی کمیٹی میں شامل تھے۔ او پی ڈبلیو سی ٹیم نے نادرا سرجری کے تمام انتظامات، رضاکارانہ خدمات سر انجام دیتے ہوئے کیے۔ کمیونٹی سے ایڈمن کی مد میں کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کئے۔

اس موقع پر چیئرمین او پی ڈبلیو سی OPWC نعیم عباسی نقشبندی، میزبان پروفیسر مسعود اختر ہزاروی، کونسلرز فورم کے صدر قیصر چوہدری، نائب صدر ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل کونسلر راجہ محمد اسلم خان، کوآرڈینیٹر کشمیر سالیڈیریٹی کمپئین لوٹن حاجی چوہدری محمد قربان، دانشور شخصیت سید حسین شہید سرور ایڈووکیٹ، کونسلر سمیرہ خورشید ، کونسلر طاہر ملک، کونسلر کاشف، مہربان ملک سمیت متعدد نے ہائی کمشنر معظم احمد خان، ڈپٹی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل، انچارج کمیونٹی اینڈ قونصلر افئیرز محترمہ رابعہ قصوری اور مینجر نادرا لندن عدنان شوکت و نادرا ٹیم کا کمیونٹی کے معذور ، عمر رسیدہ اور بچوں سمیت خواتین کو ان کی دہلیز پر نادرا سرجری کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئےکہا کہ سفارتخانے کی جانب سے ٹاؤن ٹو ٹاؤن نادرا سرجریز کے باقاعدہ انعقاد سے ایجنٹ مافیا کی حوصلہ شکنی ہوگی اور کمیونٹی نادرا آن لائن ایجنٹ مافیا کی لوٹ کھسوٹ سے محفوظ رہیگی۔

رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ کاغذات کی تصدیق Attorney Attestation کے حوالے سے معذور اور عمر رسیدہ افراد کیلئے انکی دہلیز پر خصوصی ڈیسک کا قیام لائق تحسین ہے۔ جس سے کمیونٹی کیلئے آسانیاں پیدا کرنے میں مدد ملی ہے۔ اس موقع پر علامہ قاضی عبدالرشید چشتی ، ریاض بٹ، صابر گل، راجہ عبدل مجید جنجوعہ، شبیر ملک ، چوہدری نثار کسگموی بھی موجود تھے دریں اثنا میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ موومنٹ کے عبوری چیئرمین حاجی چوہدری محمد قربان نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرپور کے مطالبات پر مشتمل بیان حلفی دستخط کرنے پر اور لوٹن میں کمیونٹی کو مقامی سطح پر نادرا سرجری اور دستاویزات کی تصدیق کی سہولیات کی فراہمی پر پروفیسر مسعود اختر ہزاروی، ان کی ٹیم اور ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ایسی کاوشوں کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔

Comments are closed.