بری:بری کنزرویٹو کے زیراہتمام حالیہ بلدیاتی انتخابات میں منتخب ہونے والے کونسلر شہباز محمود عارف کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانان خصوصی ایم پی جیمز ڈیلی اور قونصل جنرل مانچسٹر طارق وزیر تھے۔ آغاز محمد سرور چشتی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جیمز ڈیلی نے زور دیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی غلط ہے اور مسئلہ کشمیر پر جب بھی پارلیمنٹ میں بحث ہوگی تو وہ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ووٹ دیں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ نومنتخب کونسلر شہباز محمود عارف کے ساتھ طویل عرصے سے بری کی بہتری کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں، شہباز محمود ایک باصلاحیت کونسلر ثابت ہوں گے، پارٹی کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
قونصل جنرل مانچسٹر طارق وزیر نے شہباز محمود عارف کی کامیابی کو برٹش پاکستانی نوجوانوں کیلئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ برطانوی سیاسی دائرے کا حصہ بنائیں۔ کونسلر خالد حسین نے کہا کہ ہم سب کونسلر شہباز محمود عارف کی جیت منا رہے ہیں میری خواہش ہے کہ ہماری نوجوان نسل مقامی سیاست میں آگے آئے اور کمیونٹی کی خدمت کرے۔
نومنتخب کونسلرشہباز محمود عارف نےکہا کہ ہمارے لوگ پاکستانی سیاست کے ساتھ ساتھ مقامی سیاسی پارٹیوں کا بھی حصہ بنیں اگر آپ کسی سیاسی جماعت کیلئے کام کریں گے تو اس کا ثمر ضرورملے گا۔ ہمارا مستقبل اس ملک سے وابستہ ہے۔
تقریب سے کنزرویٹو پارٹی نارتھ ویسٹ کی سینئر رہنما عنبرخان، راجہ طارق محمود، رضیہ چوہدری کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا اور کونسلر شہباز محمود عارف کو شاندار جیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کمیونٹی مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنی تمام تر توانیاں بروئے کار لائیں گے اس سے قبل ڈھول کی تھاپ پر مہمانوں کا استقبال کیا گیا تقریب کی نظامت راجہ نوید اعجازنے سرانجام دی۔
Comments are closed.