برطانیہ میں گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول کوٹلی کے طلباء کا اپنے ہر دلعزیز استاد محمد شفیق کے اعزاز میں عشائیہ
لوٹن میں گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول کے سینئر مدرس محمد شفیق صاحب کے اعزاز میں عمیر امجد راٹھور اور دیگر دوستوں کی طرف سے ایک پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں سکول مدرس سید اکرام شاہ کے علاوہ معروف قانون دان صادق سبحانی، قیوم جنجوعہ، نسیم احمد، اور سکول سے فارغ التحصیل طلباء جن میں غلام مصطفیٰ سہیل، اعجاز انجم، عدیل بٹ، فیاض احمد ،کفیل بٹ، شاہد بشیر ، محمد ادریس، اور طاہر راٹھور نے شرکت کی۔
اس موقع پر عمیر راٹھور نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کسی بھی قوم کے معمار ہوتے ہیں اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہمیں انتہائی محنتی اور مخلص اساتذہ سے تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا اور آج ہم زندگی کے جس مقام پر ہیں وہ انہیں قابل احترام اساتذہ کی انتھک محنت کی بدولت ہیں۔
اس موقع پر سینئرمدرس محمد شفیق صاحب نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اسبات پر فخر ہے کہ گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول کے طلباء نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ بیرون ملک بھی زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی خدمات احسن طریقے سے ادا کر رہے ہیں،آخر میں انھوں نے غلام مصطفی سہیل سے نعت رسول مقبول سننے کی خواہش کی، غلام مصطفیٰ سہیل کے پیش کردہ گلہائے عقیدت نے پوری محفل پر سماں باندھ دیا۔
یاد رہے کہ غلام مصطفیٰ سہیل اپنے زمانہ طالب علمی میں نہ صرف گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول بلکہ آزاد کشمیر بھر میں صف اول کے نعت خواں تھے جو اسوقت یوکرین میں جاری جنگ سے متاثر ہو کر برطانیہ میں رہائش پزیر ہیں۔ عشائیہ کے آخر میں تمام شرکاء نے سینئر مدرس محمد شفیق صاحب کیساتھ گروپ فوٹو لیا اور انہیں نیک تمناؤں کیساتھ رخصت کیا۔
Comments are closed.