گیس قلت: نیشنل گرڈ کا موسم سرما میں بجلی کی 3 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا انتباہ

126

لندن:نیشنل گرڈ نے انتباہ دیا ہے کہ موسم سرما میں گیس کی کمی کے سبب بجلی کی تین گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہوسکتی ہے۔ نیشنل گرڈ کے مطابق توقع ہے کہ یہ صورت حال درپیش نہیں آئے گی، لیکن اگر گیس کی کمی واقع ہوئی تو صبح اور شام کے مصروف اوقات میں بجلی بند کی جاسکتی ہے اور صارفین کو اس حوالے سے قبل از وقت آگاہ کردیا جائے گا۔

برطانیہ بجلی پیدا کرنے کیلئے گیس پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے اور گیس سے چلنے والے فائر پاور اسٹیشن سے40فیصد سے زائد بجلی پیدا کی جاتی ہے۔ اسکے علاوہ برطانیہ یورپی ممالک سے بھی بجلی درآمد کرتا ہے۔ نیشنل گرڈز الیکٹرک سٹی سسٹم آپریٹر، انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز کے گرڈ کا انتظام چلاتا ہے۔

روس کے یوکرین پر حملے کے بعد انرجی مارکیٹ میں ہنگامی اور غیر یقینی کی صورت حال پیدا ہوئی ہے۔ روس سے یورپ آنے والی گیس روک دی گئی ہے اور مختلف ممالک متبادل ذرائع کی تلاش کیلئے سرگرداں ہیں۔ برطانیہ، یورپ کی نسبتاً کم روسی گیس پر انحصار کرتا ہے، لیکن یورپ میں گیس کی کمی کے اثرات برطانیہ پر بھی مرتب ہوں گے۔ نیشنل گرڈ نے مختلف منظر ناموں پر غور کردیا ہے۔ جس کے مطابق گزشتہ موسم سرما جتنی بجلی کی فراہمی کیلئے وافر مقدار ہیں گیس موجود ہے۔

تاہم اگر گیس کم ہوئی تو برطانیہ، یورپ میں توانائی کے بحران کے سبب فرانس، بلجیم یا ہالینڈ سے بجلی درآمد نہیں کرسکے گا۔ اس صورت حال سے نمٹنے کیلئے برطانیہ نے تین کمپنیوں سے معاہدہ کیے ہیں، تاکہ انہیں کوئلے سے چلنے والے اضافی پاور جنریٹرز کی ضرورت پڑنے کی صورت میں اسٹینڈ بائی پر رکھا جاسکے۔ اسکے علاوہ یکم نومبر سے گھریلو اور کاروباری صارفین کو پیک ٹائم میں کم بجلی استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ ان اقدامات کے نتیجہ میں نیشنل گرڈ کو توقع ہے کہ معاملہ لوڈشیڈنگ تک نہیں پہنچے گا۔

Comments are closed.