امریکی سیاسی جماعت نے گوگل پر مقدمہ کر دیا

116

واشنگٹن:ریپبلکن نیشنل کمیٹی (آر این سی) نے گوگل کے خلاف امریکی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آر این سی نے گوگل پر الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ دائر کیا ہے کہ وہ سیاسی جماعت کی ای میلز کو مبینہ طور پر صارفین کے اسپام فولڈرز میں بھیج رہا ہے۔امریکی سیاسی کمیٹی آر این سی نے گوگل پر امتیازی سلوک اور آزادی اظہار رائے کو دبانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوگل نومبر میں ہونے والے انتخابات سے قبل سیاسی وابستگی اور نظریات کے باعث کمیٹی کی ای میلز کو روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔

آر این سی کا کہنا ہے کہ جی میل آر این سی گروپ کی ای میلز کو غیر منصفانہ طور پر صارفین کے اسپام فولڈرز میں بھیج کر کمیٹی کے خلاف "امتیازی سلوک” کر رہا ہے جس کے باعث فنڈ ریزنگ اور ووٹ حاصل کرنے کی کوششوں پر اثر پڑتا ہے۔آر این سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں تمام ای میلز صارفین کو ان کے ان باکس میں موصول ہو رہی تھیں لیکن انتخابات کے قریب آتے ہی تمام ای میلز اسپام فولڈرز میں جا رہی ہیں۔

دوسری جانب گوگل نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیاسی وابستگی کی بنیاد پر ای میلز کو فلٹر نہیں کرتے بلکہ جی میلز کا اسپام فلٹر صارفین کی رائے کی عکاسی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ری پبلکن نیشنل کمیٹی طویل عرصے سے ٹیکنالوجی کمپنیوں پر قدامت پسند خیالات کے خلاف امتیازی سلوک اور آزادی اظہار رائے کو دبانے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔

Comments are closed.