لوٹن (اسرار احمد خان) جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ اور لوٹن سنٹرل ماسک کے بانی اور برطانیہ میں مقیم مسلم سنی اسکالر قاضی عبدالعزیز چشتی نے حال ہی میں کنگ چارلس سے اس وقت ملاقات کی جب وہ لوٹن کے دورے پر آئے تھے، کنگ چارلس سوم نے مسٹر قاضی کو لوٹن میں مسلم کمیونٹی کے لیے خدمات کے اعتراف میں "ایم بی ای” ایک پروقار ایوارڈ سے نوازا ہے۔
ویسٹ بورن روڈ میں واقع جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ 1986 میں ایک خیراتی ادارے کے طور پر قائم کیا گیا تھا تاکہ لوٹن میں مسلم کمیونٹی کو مذہبی اور فلاحی مدد فراہم کی جا سکے۔
ٹرسٹ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس میں ایک اسلامی تعلیمی مرکز بھی قائم ہے جو نوجوانوں اور بزرگوں کی مذہبی اور دینی تعلیم کی فراہمی کے لئے باقاعده سمینار اور کانفرنس کا انعقاد بھی کرتا رہتا ہے۔
اس شاندار اعزاز کو حاصل کرنے پر قاضی عبدالعزیز چشتی کا کہنا تھا کہ میں برطانوی حکومت کا شکرگزار ہوں کہ عظیم مقاصد کے لیے کی گئی میری عاجزانہ کاوش کو تسلیم کیا گیا، اور میں اس اعزاز کر اپنے مرحوم والد کے نام وقف کرتا ہوں، جن کی سماجی خدمات کی لازوال مثال اور تربیت نے مجھے مقامی کمیونٹی میں کام کرنے اور بیرون ملک اپنے فلاحی کاموں کو آگے بڑھانے میں ہمیشہ متاثر کیا ہے۔
آخر میں ان کا یہ کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ صرف میرے ذاتی کام کے لیے نہیں ہے، بلکہ ہماری اجتماعی کوششوں کے لیے ہے، اور میں اپنا ایوارڈ ہر اس شخص کے لیے وقف کرتا ہوں جو ہمارے کیے گئے کام کا حصہ رہے ہیں۔
اور ان تمام احباب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے بذریعہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے میرے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
Comments are closed.