اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری الیکشن کمیشن کو دھمکانے کے بجائے اپنی جماعت کی فارن فنڈنگ کا جواب دیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنی نالائقی اور نااہلی کا ملبہ دوسروں پر نہ ڈالیں۔
انہوں نے پی پی چیئرمین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب سیاست اہلیت کے بجائے وراثت میں مل جائے تو یہی حال ہوتا ہے جو آج کل اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کا ہورہا ہے۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ چکی ہے، بنڈل آئی لینڈ پر تعمیر و ترقی وفاق کی جانب سے سندھ کے عوام کے لیے تحفہ ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری صاحب 95 فیصد جعلی بینک اکاؤنٹس کا کھرا آپ کے وزیراعلیٰ کے ضلع دادو میں جاتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ غریب اور مزدور کے حقوق کا راگ الاپنے والوں نے پنشنرز تک کو نہیں بخشا ہے، وزیراعلیٰ سندھ کے ماتحت محکمہ خزانہ میں سوا 2 ارب روپے کا فراڈ پنشنرز فنڈ میں سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی پنشنرز اور جعلی اکاؤنٹس بنائے گئے، غریب کی کٹیا اجاڑ کر سوئس اکاؤنٹس بھرے اور سرے محل تعمیر کیے۔