اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان رواں سال (2021) کے وسط میں پہلا بلین ٹری ہدف حاصل کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء میں سے شاہ محمود قریشی، اسد عمر، عمر ایوب، زرتاج گل وزیر، معاونین خصوصی میں سے معید یوسف اور ملک امین اسلم، وزرائے اعلیٰ میں سے عثمان بزدار، محمود خان اور جام کمال نے شرکت کی۔
اس موقع پر 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کی پیشرفت اور گرین ہاؤس گیس کے ذخائرہ کا جائزہ بھی لیا گیا۔ملک امین اسلم نے وزیراعظم کو 10 ارب درخت سونامی پر ہوئی پیشرفت پر بریفنگ دی اور بتایا کہ پاکستان رواں سال کے وسط تک پہلے بلین ٹری کا ہدف حاصل کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان 2023ء تک 3 اعشاریہ 2 بلین درختوں کے پہلے مرحلے کو حاصل کرلے گا۔بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ بلین ٹری سونامی کے نتیجےمیں جنگل میں اضافہ سے موسمیاتی تبدیلی ممکن ہوئی، آب و ہوا کے خطرے سے دوچار ہونے کی درجہ بندی کے لحاظ سے ملک آٹھویں نمبر پر ہے۔
وزیراعظم نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے غیرمعمولی اثرات کم کرنے کیلئے ارلی وارننگ سسٹم فعال کرنےکی ضرورت کو سمجھنا ہوگا۔وزیراعظم نے دس ارب درخت سونامی پروگرام میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مزید کہا کہ ندیوں کے آلودہ پانی کو صاف کرنے کے لئے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگائے جائیں۔