لندن : ہوم آفس تشدد کے سنگین واقعات سے نمٹنے کیلئے اضافی 35ملین پونڈ خرچ کرے گا، پروگرام کے تحت تشدد کے سنگین واقعات سے نمٹنے اور نوجوانوں کو اس طرح کے جرائم میں ملوث ہونے سے بچانے کیلئے35ملین پونڈ کے اس فنڈ تک کمیونٹیز کو رسائی دی جائے گی، یہ اعلان گزشتہ ہفتہ لندن میں خنجر زنی کی ایک لہر کے بعد کیا گیا ہے۔ ہفتہ کو نارتھ ویسٹ کے علاقے کلبرن میں ایک واقعے میں ایک20سالہ شخص ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا تھا جبکہ سائوتھ لندن میں خنجر زنی کے ایک واقعہ کی، جس میں ایک 22 سالہ شخص ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے تھے، تفتیش جاری ہے۔
ہوم آفس نے تشدد میں کمی سے متعلق یونٹس کی مدد کیلئے، جو بچوں اور نوجوانوں کو لڑنے اور جسمانی حملوں سے روکنے کیلئے احتیاطی اقدامات کرتے ہیں، 35.5 ملین پونڈ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ پریتی پٹیل کا کہنا ہے کہ تشدد میں کمی سے متعلق یونٹس نوجوانوں کو سنگین جرائم میں ملوث ہونے سے روکنے کیلئے کلیدی کردار ادا کررہے ہیں اور اس فنڈنگ سے انھیں اپنا یہ اہم کام جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔