لندن:کنزروویٹو کے میئر شپ کے امیدوار شان بیلی نے میئر لندن صادق خان کی جانب سے لندن ہسٹورک مونومنٹس اینڈ سٹیچوز کا جائزہ لینے کیلئے سیاسی کارکنوں اور سٹار وار اداکار سمیت 15 ماہرین کے تقرر کے فیصلے کی مذمت کی اور ان سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ میئر لندن نے اس نئے کمیشن کا اعلان گزشتہ موسم گرما میں بلیک لائیوز میٹرز کے لندن اور دنیا بھر میں بڑے احتجاجی مظاہروں کے بعد کیا تھا۔ ان مظاہروں سے دنیا میں ہلچل پیدا ہو گئی تھی اور کئی مقامات پر یادگاری مجسموں کو گرا دیا گیا تھا لیکن میئر لندن کی اس موو پر ان سے استعفے کا مطالبہ کیا جانے لگا ہے۔
ان میں بریگزٹ پارٹی کے سابق ایم ای پی اور میڈیا چینل ان لاکڈ کے چیئرمین بھی شامل ہیں۔ بین حبیب کا کہنا ہے کہ لندن کو ایک ایسے میئر کی ضرورت ہے جو لندن اور اس کے عوام کیلئے کھڑا ہو۔ صادق خان اپنے تمام معاملات اور فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے اپنا وقت ہمارے عظیم شہر کے ورثہ اور ثقافت پر حملہ کرنے میں صرف کیا ہے۔ صادق کو نکالا جائے۔کنزرویٹو کے میئرشپ کے امیدوار شان بیلی کا کہنا ہے کہ صادق خان نے یہ انتہائی ڈرائونا کام کیا ہے کہ لندن کی تاریخ کے کچھ اہم حصوں کو 15 ایکٹوسٹس کے ہاتھوں میں دے دیا ہے جن میں سے اکثریت مورخین کی نہیں ہے۔
یہ صادق خان کا غلط فیصلہ ہے۔ میئر لندن صادق خان کا کہنا ہےکہ وہ تقسیم کو مندمل کرنا چاہتے ہیں اور انکلوسیوٹی کو فروغ دینا چاہتے ہیں لیکن میں نہیں دیکھ رہا کہ ان کا کمیشن کس طرح کام کرے گا۔ ان تقرریوں میں ایک کارکن ٹیوین ایبیتو بھی شامل ہے جس نے 2007 میں ویسٹ منسٹر ایبی سروس میں رکاوٹ پیدا کی تھی جو سلیو ٹریڈ ایکٹ کے خاتمے کی 200 ویں سالگرہ پر منعقد ہو رہی تھی۔ اس نے ملکہ سے چند میٹرز کے فاصلے پر پہنچ کر چیختے ہوئے کہا تھا کہ تمہیں شرم آنی چاہئے۔ ہمیں یہاں نہیں ہونا چاہئے۔ یہ ہمارے لئے توہین ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ وہ تمام افریقی مسیحی جو یہاں موجود ہیں وہ میرے ساتھ یہاں سے چلے جائیں۔
15 رکنی مضبوط پینل میں سٹار وار اداکار رض احمد اور ایکٹیوسٹ لینٹ نببوسا بھی شامل ہے جس کا دعویٰ تھا کہ یہ برطانیہ کی نسل پرستی ہے جس نے غلامی اور استعمار کو جنم دیا۔ یہ کمیشن ماضی کے مجسموں کی انویسٹی گیشن کیلئے تشکیل دیا گیا ہے لیکن اسے انہیں ریموو کرنے کا اختیار نہیں ہوگا۔ اس کے بجائے یہ کمیشن بہترین پریکٹس گائیڈ لائنز متعارف کروائے گا جو افزودگی اور موجودہ عوامی دائرے میں اضافہ کرنے کیلئے تیار کی جائیں گی۔ کنرویٹیو شان بیلی مئی کے بلدیاتی انتخابات میں مسٹر صادق خان کی جگہ لندن کے میئر کے عہدے پر فائز ہونے کے خواہاں ہیں۔ یہ پول دراصل گزشتہ سال ہونے والا تھا لیکن کورونا وائرس پینڈامک کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔