لندن:عالمی وباء کورونا وائرس کے دوران ہلاک ہونیوالے 1لاکھ 26ہزار 172 افراد کیلئے پہلے قومی لاک ڈائون کی پہلی برسی کے موقع پر ملکہ برطانیہ کی قیادت میں ایک منٹ کی قومی خاموشی اختیار کی گئی، وباء کے دوران قومی خدمات سر انجام دینے والوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقید ت پیش کیا گیا۔
وزیر اعظم بورس جانسن اور شہزادہ چارلس نے کورونا بحران کے دوران وفات پا جانے والوں کی یاد میں دکھ کا اظہار کیا۔ ملکہ برطانیہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ہم سب مل کر ایک روشن مستقبل کے منتظر ہیں، کورونا بحران کے دوران ناقابل تلافی نقصان اور ان لوگوں کیلئے جو ہمار ے ساتھ تھے اور اب ہم میں نہیں کیلئے خاموشی اختیار کر رہے ہیں، ہم ان کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہیں۔
وزیر اعظم بورس جانسن نے دوپہر کے وقت ایک منٹ کی قومی خاموشی اختیار کی اور اس موقع پر کہا کہ کورونا وباء کے دوران برطانیہ میں وفات پا جانے والوں کو یاد کیا جا رہا ہے کیونکہ اس وباء کے دوران ہزاروں خاندان اپنے پیاروں سے جدا ہونے کے باعث شدید غمزدہ ہیں ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیر اعظم نے قوم کو متنبہ کیا ہے کہ فرانس اور اٹلی میں کورونا وائرس کی تیسری لہر سر اٹھا چکی ہے جس سے ہلاکتوں کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے ہمیں تیسری لہر کا مقابلہ کرنے اور وائرس سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔