اسلام آباد: برٹش آرٹس کا نہ صرف دنیا بھر میں شعر و ادب کی ترویج و ترقی کے حوالے سے نام جانا جاتا ہے بلکہ فنِ مصوری اور فلاحِ انسانیت کے حوالے سے بھی یہ تنظیم دنیا کے 22 ممالک میں کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاک برٹش آرٹس کا مرکزی دفتر انگلینڈ مانچسٹر میں ہے جب کہ جتنے بھی ممالک میں یہ تنظیم کام کر رہی ہے ان تمام ممالک میں اس کے سفیر اور عہدے داران موجود ہیں جو کہ پاک برٹش آرٹس کے منشور کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
پاک برٹش آرٹس میں خاص طور پر اردو ادب کی بات کی جائے تو پاک برٹش آرٹس بہت سے ممالک میں ادبی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔ شاعری سے لے کر افسانہ نگاری تک، اور تحقیق تک کام جاری ہے۔ حال ہی میں اقوام متحدہ کی ساتویں بڑی زبان ہونے کا درجہ رکھنے والی اردو شائد ہی کوئی ایسا ملک ہو کہ جس میں نہ بولی جاتی ہو۔ یہی وجہ ہے کہ پاک برٹش آرٹس نے اردو ادب کے حوالے سے جو کام انگلینڈ مانچسٹر میں شروع کیا تھا وہ اب دنیا کے 22 ممالک میں پھیل چکا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ ان ممالک کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔اپنے کام کو جاری رکھتے ہوئے حال ہی میں پاک برٹش آرٹس نے طلعت منیر صاحب کی ادبی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد میں صدر نارتھ زون منتخب کیا۔ ادب سے ہٹ کر بات کی جائے تو طلعت منیر صاحب بلاشبہ ایک نفیس اور محبت کرنے والے انسان ہیں۔ جن سے آپ کی پہلی ملاقات ہو یا کہ آپ ان کے قریبی ساتھی ہی کیوں نہ ہوں آپ کو بالکل احساس نہیں ہونے دیں گے کہ آپ ان سے پہلی مرتبہ ملاقات کر رہے ہیں۔ ایک رہنما اور اصل معانی میں ادبی شخصیت کا ذکر کیا جائے تو طلعت منیر اپنا نام خود رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ طلعت منیر صاحب کو مرکز اسلام آباد میں یہ ذمہ داری سونپی گئی۔
کچھ روز قبل 27 مارچ 2021 ہفتہ کے روز، دن 2 بجے بمقام شالیمار ہوٹل راولپنڈی پاک برٹش آرٹس اسلام آباد کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ جس کی صدارت طلعت منیر (صدر پاک برٹش آرٹس اسلام آباد نارتھ زون) نے کی۔ شعر و ادب کے حوالے سے منعقدہ اس اجلاس میں اسلام آباد، واہ کینٹ، ٹیکسلا، حسن ابدال، چکوال اور جہلم سے پاک برٹش آرٹس کے نمائندگان اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔
طلعت منیر صاحب کی زیرِ صدارت جن شخصیات نے اجلاس میں شمولیت کی ان میں محترمہ حسینہ خان صاحبہ سفیر اور انچارج پاک برٹش آرٹس اسلام آباد، محترمہ زہرہ بتول صاحبہ صدر وومن ونگ پی بی اے اسلام آباد، محترمہ عصمت جیلانی صاحبہ صدر پی بی اے ٹیکسلا، محترمہ فاطمہ عثمان صاحبہ نائب صدر پی بی اے اسلام آباد، انچارج میڈیا ونگ پاک برٹش آرٹس اسلام آباد جناب سید آصف علی صاحب،صدر پاک برٹش آرٹس حسن ابدال خالد محمود ملک صاحب، نائب صدر حسن ابدال جناب شفیق احمد شہزاد صاحب، جناب غلام مصطفےٰ صاحب سیکریٹری جنرل حسن ابدال قیصر دلاور جدون صاحب، صدر یوتھ ونگ حسن ابدال جناب شاہد سلیم صاحب، صدر یوتھ ونگ پی بی اے جناب حسن گمان صاحب، شاعر ارباز باغی صاحب یوتھ ونگ، جناب حیدر علی واحدی صاحب یوتھ ونگ، صدر پی بی اے چکوال بلال شبیر ہادی اور نائب صدر چکوال پی بی اے جناب عاصم منیر عاشی صاحب شامل تھے۔ اجلاس میں پاک برٹش آرٹس کے بنیادی مقاصد اور دوسرے امور پر بھرپور گفتگو ہوئی۔ صدر پاک برٹش اسلام آباد طلعت منیر صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد محبت اور ادب کو پھیلانا ہے۔ نرم دلی اور محبت سے دنیا کو فتح کیا جا سکتا ہے۔ جب کہ نفرت کا خاتمہ ہمارا مقصدِ حیات ہے۔ مزید آپ نے کہا کہ تخلیق کار کا رشتہ تخلیق سے جوڑے رکھنا ہے۔
تاکہ بے راہ روی اور معاشرے میں بڑھتے ذہنی تنائو کو ختم کیا جا سکے۔ اور اس کا واحد ذریعہ ادب سے جڑے رہنا ہی ہے۔
چئیرمین پاک برٹش آرٹس جناب یونس متین صاحب نے ویڈیو کے ذریعے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "ہمارا مقصد شعر و ادب کی ترقی بھی ہے اور فلاحِ انسانیت بھی ہے۔ پاک برٹش آرٹس نے نہ صرف دنیا کے مختلف حصوں میں ادبی محافل سجائیں بلکہ کرونا کے دوران سری لنکا، انڈیا، پاکستان، بنگلہ دیش جیسے ممالک میں گھر گھر راشن کی تقسیم کی، پاک برٹش آرٹس کے منشور کے مطابق چلنا ہم سب پر لازم ہے۔” چیئرمین پاک برٹش آرٹس نے صدر جناب یونس امین شیخ صاحب کی طرف سے بھی نیک خواہشات اور کامیاب اجلاس کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔