نیشنل مسلم وار میموریل ٹرسٹ کا برطانیہ کیلئے مسلمانوں کی قربانیوں کے اعتراف کیلئے یادگار تعمیر کرنیکا منصوبہ

0 139

لندن: برطانیہ کے ایک چیریٹی ادارے نیشنل مسلم وار میموریل ٹرسٹ NMWMT نے برطانوی فوج کیلئے مسلمانوں کی قربانیوں کے اعتراف اور ان کی یاد کیلئے ایک جنگی یادگار قائم کرنے کا فیصلہ کیاہے، نیشنل مسلم وار میموریل ٹرسٹ NMWMT کا کہناہے کہ وہ طلبہ اور عام لوگوں کو برطانیہ کی مسلح افواج میں مسلمانوں کے کردار سے آگاہ کرنا چاہتاہے تاکہ مسلمانوں کے حوالے سے غلط فہمیاں دور ہوسکیں اور مختلف کمیونیٹز کے درمیان بہتر تعلقات کے قیام میں مدد مل سکے۔

ادارے کے سربراہ کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والے لارڈ شیخ کاکہناہے کہ دونوں عظیم جنگوں کے دوران برطانوی مسلح افواج میں شامل مسلمانوں نے بہادری جرات اورہمت کی داستانیں رقم کی تھیں لیکن ان کی خدمات کو نظر انداز کیاگیا ، انھوں نے کہا کہ یہی وہ بنیادی سبب جس کی وجہ سے ہم نے اسلاموفوبیا کاخاتمہ کرنے کیلئے یہ ادارہ قائم کیا ہے ہمارا مقصد لوگوں کو یہ احساس دلانا ہے کہ مسلمانوں نے یونین جیک کو بلند رکھنے کیلئے قابل قدر قربانیاں دی ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ اس ٹرسٹ میں شامل لوگوں کو پوری امید ہے کہ وہ لوگوں کو برطانوی مسلح افواج میں شامل مسلمانوں کی خدمات اور قربانیوں کا احساس دلانے میں کامیاب رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ جنگی قبروں سے متعلق کمیشن کی رپورٹ سے ظاہرہوتاہے کہ ایسا کرنا کتنا ضروری ہے اور کتنا پہلے یہ ہونا چاہئے تھا ،دولت مشترکہ کی جنگوں میں جان قربان کرنے والوں کی قبروں سے متعلق کمیشن کی ایک حالیہ رپورٹ سے ظاہرہوتاہے کہ کمیشن نے برطانوی فوج کے ساتھ جنگ میں حصہ لینے والے لاکھوں سیاہ فام اور ایشیائی فوجیوں کا مناسب طورپر ذکر بھی نہیں کیاہے۔

NMWMT کا کہناہے کہ اس حوالے سے پہلی یادگار لندن میں قائم کی جائے گی جس کیلئے جگہ فیصلہ ابھی ہوناباقی ہے اس مقصد کیلئے 2 ملین پونڈ کے ہدف میں سے اب تک 29,000 پونڈ جمع کئے جاچکے ہیں۔ٹرسٹ کی ویب سائیٹ کے مطابق پہلی جنگ عظیم کے دوران 400,000 مسلمانوں نے برطانوی فوج کے ساتھ برطانیہ کے دفاع کی جنگ میں حصہ لیاتھا جبکہ دوسری جنگ عظیم کے دوران برطانوی فوج کے شانہ بشانہ لڑنے والے مسلمانوں کی تعداد کم وبیش ایک ملین تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.