لندن : انگلینڈ میں تمام دکانوں پر پلاسٹک بیگ کے لئےدگنی قیمت وصول کی جائے گی۔ ایک دفعہ استعمال والے کیریئر بیگ کو انگلینڈ کے تمام بزنسز تک توسیع دے کر 21 مئی سےاس کی قیمت 5 پنس کی بجائے 10 پنس کر دی جائے گی۔
حکومت نے کہا کہ کارنر شاپس سمیت تمام اسٹورز اب مقررہ تاریخ سے چارج وصول کریں گے۔واضح رہے کہ پلاسٹک کی تھیلیوں پر 5 پنس لیوی 2015 میں انگلینڈ میں متعارف کرائی گئی تھی۔تب سے ان کے استعمال میں 95 فیصدسے زیادہ کمی واقع ہوئی ہے۔
انگلینڈ میں اوسط فرد اہم سپر مارکیٹوں سے ایک سال کے دوران ایک دفعہ استعمال ہونے والے صرف چار کیریئر بیگ خریدتا ہے جبکہ2014 میں اس کی خریداری کی شرح 140 تھی۔ وزیر ماحولیات ربیکا پا نے کہا ہے کہ 5 پنس چارج ایک غیر معمولی کامیابی رہی ہے۔
محترمہ ربیکا پا نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمیں اپنے قدرتی ماحول اور سمندروں کے تحفظ کے لئے مزید آگے بڑھنا ہوگا ، اسی وجہ سے اب ہم اس کا دائرہ تمام بزنسز تک وسیع کررہے ہیں۔ اگلے دو ہفتوں کے دوران ، میں تمام خوردہ فروشوں سے گزارش کروں گی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ تبدیلیوں کے لئے تیارر ہیں۔