بورس جانسن کی لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لوگوں کو زیادہ محتاط رہنے کی ہدایت

0 159

لندن: وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ لاک ڈائون میں مزید نرمی کے بعد لوگوں کو زیادہ محتاط ہونا ہوگا، واضح رہے کہ حکومت کے روڈ میپ کے مطابق لاک ڈائون کے تیسرے مرحلے کے تحت گزشتہ روز پیر سے انگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ کے بیشتر حصوں میں پابندیوں میں مزید نرمی کر دی گئی ہے۔ جس کے بعد دو گھرانوں کے چھ افراد گھر کے اندر بھی ملاقات کر سکیں گے، لوگ اپنے پیاروں کو گلے لگا سکیں گے اور نئی پابندیوں کے ساتھ بیرون ملک تعطیلات کیلئے جانا بھی ممکن ہوگا۔

وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ لاک ڈائون کی پابندیوں میں نرمی کرکے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے تاہم پابندیوں میں نرمی ایسے وقت کی گئی ہے جبکہ گریٹر مانچسٹر اور لندن کے بعض علاقوں میں بھارتی وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ بورس جانسن نے کہا کہ حکومت نے بھارتی وائرس پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے اور جہاں بھی اس کے کیسز بڑھے وہاں تیزی کے ساتھ ایکشن لیا جائے گا۔

بزنس سیکرٹری کاسی کارٹنگ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ 21 جون کو لاک ڈائون کے حوالے سے تمام پابندیاں ختم کر دی جائیں گی تاہم ابھی اس بات کی ضمانت دینا ممکن نہیں، کیونکہ ابھی پانچ ہفتے باقی ہیں اور کوئی بھی فیصلہ دستیاب ڈیٹا کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.