لندن: برطانوی عدالت نے 66 سالہ پاکستانی بیوہ کی امیگریشن درخواست مسترد کردی ہے۔ متاثرہ خاتون نادرا مبین کا کہنا تھا کہ انہوں نے یورپی کنونشن کے آرٹیکل 8 کے تحت درخواست دی تھی جبکہ ان کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت خاندانی زندگی کو سمجھنے میں ناکام رہی۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی ایک عدالت نے پاکستان کی ایک 66 سالہ بیوہ کی برطانیہ میں مستقل سکونت کی درخواست مسترد کردی ہے۔ حالاں کہ خاتون کے تین بچے برطانوی شہری ہیں اور وہیں مستقل رہائش رکھتے ہیں۔ 66 سالہ نادرا مبین نے برطانیہ میں مستقل رہائش کی درخواست کی تھی، جسے عدالت نے یہ کہہ کر مسترد کردیا کہ وہ اپنی فیملی سے برطانیہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے رابطہ رکھ سکتی ہیں اور ان کی فیملی بھی انہیں پاکستان میں سپورٹ کرسکتی ہے۔
نادرا مبین کے شوہر کا انتقال 15 برس قبل ہوا تھا۔ انہوں نے 2011 کے بعد سے پاکستان میں صرف 12 ماہ ہی گزارے ہیں جبکہ وہ زیادہ عرصے برطانیہ میں ہی رہی ہیں۔ وہ 2014 میں وزٹ ویزا پر برطانیہ گئی تھیں اور ویزا کی معیاد گزر جانے کے باوجود وہ غیر قانونی طور پر وہاں مقیم رہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بنیاد پر درخواست دی تھی جو کہ انسانی حقوق سے متعلق یورپی کنونشن کے آرٹیکل 8 کے مطابق تھی۔