اداکار شہریار منور سوشل میڈیا سے دور کیوں تھے؟ وجہ سامنے آگئی

0 51

کراچی: شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہریار منور گزشتہ دنوں سوشل میڈیا سے کیوں دور ہوگئے تھے اس کا جواب انہوں نے خود اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اداکار شہریار منور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر سوشل میڈیا سے دوری کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ کچھ روز قبل ان کے ساتھ حادثہ پیش آیا تھا جس کے باعث وہ سوشل میڈیا سے دور ہوگئے تھے۔

اداکار نے بتایا کہ ’موٹر سائیکل پر گلگت سے ہنزہ جاتے ہوئے ان کا ایکسیڈنٹ ہوگیا تھا جس کے باعث انہیں شدید چوٹیں آئیں۔

شہریار منور نے اپنے پیغام میں کچھ تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں جس میں انہیں اسپتال میں اور دوران سرجری بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ’فیس بک اور انسٹاگرام پر مداح پوچھ رہے ہیں کہ میں غائب کیوں ہوں، سب سے پہلے میں آپ سے معذرت چاہتا ہوں، دوسرا یہ کہ میں نے دو ماہ قبل شمالی علاقہ جات کا دورہ کیا تھا جہاں میرے ساتھ ایک حادثہ پیش آگیا تھا۔

اداکار نے بتایا کہ انہوں نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور اگر یہ نہ ہوتا تو حادثے کی وجہ سے اس سے زیادہ نقصان ہوسکتا تھا۔

شہریار منور نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ موٹر سائیکل چلارہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ جب وہ اپنے دورے پر تھے تو ان کے دوست نے بائیک چلاتے ہوئے یہ ویڈیو بنائی تھی۔

اداکار نے موٹر سائیکل چلانے والوں کو نصیحت کی کہ موٹر سائیکل چلانا ایک خطرناک کام ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ لوگ مکمل حفاظتی اقدامات کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.