شہید محمد مقبول بٹ کے دیرینہ رفیق ملک اصغر سیٹھی کے انتقال پر لوٹن کمیونٹی کا اظہارغم

0 168

لوٹن: آزاد کشمیر کے ممتاز قانون دان اور شہید کشمیر محمد مقبول بٹ کے دیرینہ رفیق ملک اصغر سیٹھی ایڈووکیٹ راولپنڈی میں انتقال کرگئے، ان کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی برطانیہ میں کشمیری حلقوں میں صف ماتم بچھ گئی، لارڈ قربان حسین نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم قومی آزادی کی تحریک کا ایک نمایاں اور روشن ستارہ تھے جن کے ساتھ ذاتی مراسم تھے، ان کی رحلت ایک قومی سانحہ ہے۔

کشمیری اکیڈمک اور جے کے ایل ایف کے سفارتی شعبہ کے چئیرمین پروفیسر راجہ ظفر خان نے کہا کہ ایڈووکیٹ ملک اصغر سیٹھی کے انتقال سے جموں و کشمیر میں تحریک آزادی کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔ وہ کشمیر کی سرزمین کے ان چند بیٹوں میں سے ایک تھے جنہوں نے شہید کشمیر مقبول بٹ کے ساتھ مل کر کشمیر کی آزادی کے لیے کام کیا، انہوں نے عبد الخالق انصاری، امان اللہ خان اور ڈاکٹر فاروق حیدر کے شانہ بشانہ جموں و کشمیر کی جغرافیائی وحدت، کشمیریوں کے اتحاد اور آزادی کے لئے سرگرمیوں کو مربوط کیا۔

کشمیر کی قومی آزادی کی موجودہ جدوجہد میں اصغر سیٹھی کا کام اور نام سنہرے حروف میں لکھا جائے گا ،اللہ پاک ان کی روح پر لاتعداد رحمتوں کا نزول کرے۔ انہوں نے مرحوم کے بیٹے بلال اور بھتیجے سمیت ان کے قریبی کنبہ کے ارکان اور مرحوم کے بھانجے جے کے ایل ایف کے سابق صدر برطانیہ لطیف ملک سے دلی تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے سوگوار خاندان کے تمام افراد کو صبر اور استقامت عطا فرمائے، کوٹلی بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر فاروق اعظم، معروف آزادی پسند رہنما صادق سبحانی، جے کے ایل ایف لوٹن کے سابق صدر لیاقت علی چوہدری اور پی پی کے لالہ چوہدری محمد تاج سمروڑ ،پیر سید اعجاز محی الدین قادری سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.