معیشت کھلتے ہی مہنگائی قابو سے باہر، افراط زر کی شرح 2.5 فیصد ہوگئی

0 117

لندن: معیشت کھلتے ہی مہنگائی کو پر لگ گئے، افراط زر کی شرح 2.5 فیصد ہوگئی، یہ شرح گزشتہ 3 سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ کنزیومر پرائسز انڈیکس کے مطابق مئی کے دوران افراط زر کی شرح 2.1 فی صد تھی۔ قومی شماریات دفتر کے مطابق فیول اور فوڈکی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ یہ شرح بینک آف انگلینڈ کے ہدف 2 فیصد سے زیادہ ہے، اس سے اب یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ کیا اب سود کی شرح میں بھی اضافہ ہوگا۔

افراط زر کی شرح میں اضافے کی وجہ سے دکانوں پر کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ ملبوسات اور جوتوں کی قیمتیں بھی، جو اس سال کے آغاز میں سستی تھیں، بڑھ گئی ہیں، مئی اور جون کے دوران استعمال شدہ کاروں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ حالیہ برسوں کے دوران ان مہینوں کے دوران ان کی قیمتیں کم ہوتی تھیں، سیمی کنڈکٹر چپس کی عدم دستیابی کی وجہ سے نئی کاروں کی سپلائی میں تاخیر کی وجہ سے بہت سے لوگ استعمال شدہ کار خریدنا چاہتے تھے لیکن جون کی رپورٹ کے مطابق زیادہ تر معاشی پیش گوئیوں کے برعکس ان کی قیمتوں میں 2.2 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

قومی شماریات دفتر کے ماہر شماریات جوناتھن ایتھو کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ کھانے پینے کی اشیا سے لے کر استعمال شدہ کاروں تک ہر چیز میں ہوا ہے، بعض اشیا کی قیمتوں پر عارضی اثر پڑا ہے، مثال کے طورپر فیول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے افراط زر کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اس کا بڑا سبب وبا کے ابتدائی دنوں میں قیمتوں میں ہونے والی کمی کی اب پرانی سطح پر بحالی ہے۔ ملبوسات اور جوتوں کی قیمتوں میں معمول کے مقابلے میں زیادہ اضافے سے رواں ماہ افراط زر کی شرح میں اضافہ ہوا۔

ریٹیل قیمتوں کے انڈیکس کے مطابق افراط زر کی شرح مئی میں 3.3 فیصد تھی جو جون میں بڑھ کر3.9 فیصد ہوگئی، افراط زر کی شرح میں تازہ ترین اضافے سے بینک آف انگلینڈ پر سود کی شرح میں اضافہ کرنے کیلئے دبائو بڑھے گا۔ بینک کی شرح مقرر کرنے والی مالیاتی پالیسی کمیٹی کا کہنا ہے کہ افراط زر کی شرح میں اضافہ عارضی ہے اور یہ اضافہ 3 فیصد تک پہنچنے کے بعد اپنی سابقہ سطح پر واپس آجائے گا جبکہ بینک کے سبکدوش ہونے والے چیف اکنامسٹ اینڈی ہیلڈین نے گزشتہ ماہ متنبہ کیا تھا کہ افراط زر کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی شرح 4 فیصد تک ہوسکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.