واشنگٹن:امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا سے کورونا وائرس کی وباء اور ویکسین سے متعلق غلط معلومات دی جا رہی ہے، غلط معلومات دینے والے لوگوں کو مار رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس واشنگٹن سے جاری کئے گئے ایک بیان میں صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس اب صرف غیر ویکسین شدہ افراد کے درمیان رہ گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جین ساکی کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ فیس بک کو اپنے طرزِ عمل کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ درست معلومات یقینی بنانے کے لیے ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
دوسری جانب فیس بک نے صدر جوبائیڈن کے لوگوں کو مارنے سے متعلق بیان کو مسترد کر دیا۔
فیس بک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہماری حقائق کے حصول کی کوششیں دراصل زندگیاں بچانے کا باعث بن رہی ہیں، حقائق کے برخلاف الزامات سے پریشان نہیں ہوں گے۔