جنسی زیادتی کے الزامات،شہزادہ اینڈریو کو شاہی حیثیت سے محروم کیے جا نیکا امکان

0 136

لندن:امریکی خاتون ورجینیا رابرٹس کی جانب سے جنسی زیادتی کے الزامات کے بعد اب شہزادہ اینڈریو کو شاہی حیثیت سے محروم کیے جانے کا امکان ہے۔

میڈیا کے مطابق شاہی مبصر نائجل کاؤتھورن کا کہنا ہے کہ جنسی زیادتی کے الزامات شہزادہ اینڈریو کی عوامی فرائض کی جانب واپسی کو روک دیں گے۔شاہی مبصر نے کہا کہ یہ دیکھنا بہت مشکل ہے کہ شہزادہ اینڈریو شاہی ذمہ داریوں کی جانب واپس کیسے آسکتے ہیں جبکہ ان پر ایک مقدمہ زیر التوا ہے، یا ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ ان کے خلاف فیصلہ ان کی غیر حاضری میں دے دیا جائے۔

ملکہ برطانیہ کی جانب سے شہزادہ اینڈریو کی شاہی حیثیت کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہی مبصر نے کہا کہ ’شہزادہ اینڈریو کو بہت سارے قانونی سوالات کا سامنا ہے تو ایسی صورتحال میں ان کی شاہی حیثیت کا برقرار رہنا مشکل ہوسکتا ہے۔‘

خیال رہے کہ2019ء میں برطانوی نشریاتی ادارے کے انٹرویو میں صحافی نے شہزادہ اینڈریو سے ان کے ارب پتی جنسی جرائم میں ملوث دوست جیفری ایپسٹین کے ساتھ تعلقات پر بات کی تھی۔جس کے بعد شہزادہ اینڈریو کو جیفری ایپسٹین کے ساتھ دوستانہ تعلقات سامنے آنے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تو انہوں نے شاہی ذمہ داریوں سے پیچھے ہٹنےکا فیصلہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکی خاتون ورجینیا رابرٹس کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ برطانوی شہزادہ اینڈریو نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔ورجینیا نے نیویارک سٹی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ اینڈریو نے بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین کے نیویارک والے گھر میں اسے کمسنی میں جنسی حملے کا نشانہ بنایا تھا۔

عدالتی دستاویزات میں شہزادہ اینڈریو پر الزام لگایا گیا ہے کہ بیس سال قبل شہزادہ اینڈریو کو دولت، طاقت، مضبوط پوزیشن اور روابط نے اس قابل بنایا کہ انہوں نے ایک خوفزدہ، کمزور بچی کے ساتھ بدسلوکی کی جہاں اس کی حفاظت کے لیے کوئی موجود نہیں تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.