افغانستان کی تعمیر کے امریکی دعوے 20 سال بعد خاک میں مل گئے

0 480

واشنگٹن:امریکا کے افغانستان کی قومی تعمیر کے دعوے 20 سال بعد خاک میں مل گئے۔ امریکی ٹی وی نے غزنی کے فوجی اڈے کی تباہی کے مناظر دکھادیئے۔

امریکی ٹی وی کی رپورٹ میں سوال اٹھایا گیا کہ کیا امریکی فوج کے افغانستان میں 20 سال بے مقصد اور بے نتیجہ رہے؟

چاروں جانب اڑتی دھول اور مٹی بربادی کی داستان سنارہی ہے، کیا افغانستان کی قومی تعمیر کے امریکی دعوے بھی غزنی فوجی اڈے پر بربادی کے ان مناظر کی مانند دھول مٹی ہوگئے؟

امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 20 سال پہلے امریکا جس نظام کو تباہ کرنے آیا تھا، طالبان کی کامیابیوں کے بعد وہی نظام آج دوبارہ افغانستان میں قائم ہوتا نظر آرہا ہے۔ غزنی شاہراہ سے گزرتے ہوئے ہر جانب طالبان کے جھنڈے نظر آتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق خواتین کے حقوق سے متعلق خدشات کے سوال پر طالبان رہنماؤں نے جواب دیا کہ ’اب وہ بدل چکے ہیں، 2001 کے طالبان سے مختلف ہیں‘۔

دوسری جانب اساتذہ کا کہنا تھا کہ بچیوں کو دنیاوی نہیں، صرف دینی تعلیم دی جائے گی۔امریکی صحافی نے بچیوں سے سوال کیا کہ وہ اسکول جائیں گی تو ان کا کہنا تھا کہ ہرگز نہیں، کیوں کہ طالبان کہتے ہیں کہ بچیوں کا اسکول جانا برا ہے۔

امریکی صحافی نے غزنی بیس پر تعینات سابق فوجی کے حوالے سے کہا کہ ’جب آپ اپنے مقصد کے لیے لڑائی شروع کرتے ہیں تو آپ کو اس بات کا یقین ہوتا ہے کہ آپ حق پر ہیں، لیکن بربادی کے ان مایوس کن مناظر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے یہ سب بے مقصد تھا اور یہ تمام کارروائی بے نتیجہ اور بے کار ثابت ہوئی‘۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.