لندن:کوویڈ سے نمٹنے کے لئے یوکے ویکسین بوسٹر اسکیم ستمبر میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ وزیر صحت نے کہا ہے کہ یوکے کوویڈ ویکسین بوسٹر اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ ممکنہ طور پر اگلے ماہ شروع ہوجائے گی۔ ساجد جاوید نے کہا کہ انہیں اسکیم شروع کرنے کی صحیح تاریخ کے بارے میں غیر یقینی ہے، کیونکہ حکومت ویکسی نیشن اور حفاظتی ٹیکوں کی مشترکہ کمیٹی کے حتمی مشورے کا انتظار کر رہی ہے۔
مسٹر جاوید نے مزید کہا کہ انتہائی کمزور افراد کو تیسری خوراک کی پیش کش سب سے پہلے کی جائے گی۔ تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ بوسٹر اسکیم تمام بڑوں کے لئے ہوگی یا صرف زیادہ کمزور لوگوں کے گروپس کو دی جائے گی۔ جے سی وی آئی کی جانب سے عبوری مشورہ، جو گذشتہ ماہ جاری کیا گیا تھا، اس میں تجویز دی گئی تھی کہ 30 ملین سے زیادہ انتہائی کمزور افراد بشمول 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو تیسری خوراک دی جانی چاہئے۔
جمعرات کو اس سکیم کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر جاوید نے کہا کہ ہم ایک بوسٹر اسکیم پر کام کر رہے ہیں جو کہ ستمبر میں کسی وقت شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کو اسکیم شروع کرنے کے بارے میں قطعی طور پر نہیں بتا سکتا، کیونکہ اس سے پہلے کہ ہم اسے شروع کریں، ہمیں اپنے ماہرین کے گروپ، اپنے آزاد سائنسی اور طبی مشیروں، جے سی وی آئی سے حتمی مشورہ لینے کی ضرورت ہے اور اسی لئے ہم ان کی حتمی رائے کا انتظار کر رہے ہیں۔