پاکستان افغانستان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کی کوششوں میں ہر ممکن سہولت فراہم کرتا رہیگا،معظم احمد خان

0 226

لندن :برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان نے برطانیہ کے شیڈو کیبنٹ ارکان کے ساتھ افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ہائی کمشنر معظم احمد خان نے افغانستان کی حالیہ صورتحال پر Lisa Nandy MPشیڈو سیکرٹری آف اسٹیٹ فار فارن اینڈ کامن ویلتھ امور اور Stephen Kinnock شیڈو منسٹر آف ایشیا اینڈ پیسفک کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔ ہائی کمشنر نے بات چیت کے دوران افغان صورتحال پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا ۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ،افغانستان میں امن اور استحکام کی خواہش میں ہمیشہ مخلص رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم ذمہ داری کے طور پر اس نے بین الافغان مذاکرات شروع کرنے کے لیے ہر طرح کی مدد کی تھی، یہ امر افسوسناک کہ افغان حکومت کی وجہ سےبات چیت زیادہ آگے نہیں بڑھ سکی ۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں پھنسے ہزاروں غیر ملکیوں کو با حفاظت نکالنے میں ہر ممکن انسانی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائے گی اور افغانستان میں امن ، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مصروف رہے گی۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ انسانی حقوق، بشمول خواتین کے حقوق کا احترام کیا جائے گا ، ایک وسیع البنیاد اور جامع حکومت عمل میں لائی جائے گی اور افغان سرزمین کو کسی بھی ملک میں عدم استحکام کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ ہائی کمشنر نے یقین دلایا کہ بین الاقوامی برادری کے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے پاکستان غیر ملکی شہریوں کے انخلا کی کوششوں میں ہر ممکن سہولت فراہم کرتا رہے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.