اسلام آباد:آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) حکومت اختلافات کا شکار ہو گئی ، سینئر وزیر سردار تنویر الیاس کا عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کی نو منتخب حکومت شدید مشکلات کا شکار ہو گئی ہے اور اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق سینئر وزیر سردار تنویر الیاس نے اپنے قریبی ساتھیوں کےساتھ مشاورت کےبعدجلداستعفیٰ دینےپرغورشروع کردیاہےاورجلد ہی وہ سینئر وزیر کےعہدے سے استعفیٰ دے دیں گے تاہم سردارتنویرالیاس ممبراسمبلی کےطورکام جاری رکھیں گے۔
ذرائع کےمطابق سینئر وزیرسردارتنویر الیاس کابینہ کےپہلےاجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئےجبکہ دوسری طرف سردار تنویر الیاس کےترجمان نےمستعفی ہونےکی اطلاعات کی تصدیق یاتردید سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردارتنویرالیاس اسلام آبادسےباہرہیں۔ترجمان کاکہناتھاکہ تنویرالیاس خان مظفرآباد میں کابینہ کے ہونے والے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ آزادکشمیر کابینہ کے پہلے تعارفی اجلاس میں سردار تنویر الیاس خان کے علاوہ سردارمیراکبر خان،اکمل سرگالہ ،بیگم شاہدہ صغیر ،علی شان سونی اور مشیر اکبر چوہدری بھی شریک نہیں ہوئے ۔
یاد رہےکہ2016ءکےانتخابات میں پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیراسمبلی کی دو نشستیں حاصل کرنےمیں کامیاب ہوئی تھی جبکہ حالیہ الیکشن سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سردار تنویر الیاس خان کو آزاد کشمیر میں پارٹی کو فعال اور انتخابات میں کامیاب کرانے کا ٹاسک سونپا تھا جس کے بعد سردار تنویر الیاس خان نے دن رات ایک کرتے ہوئے سینکڑوں اہم شخصیات کو پی ٹی آئی میں شامل کروایااور ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا تھا ۔اس سے قبل سردار تنویر الیاس خان وزیراعظم کےمضبوط امیدوارسمجھےجارہےتھےتاہم وزیراعظم عمران خان نےقرعہ فال غیرمعروف رکن سردار عبدالقیوم نیازی کے نام نکال کر سب کو حیران کردیا تھا ۔
یہ بھی یاد رہے کہ آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں سردار تنویر الیاس کی چچی بیگم شاہدہ صغیر بھی کامیاب ہوئی ہیں جنہیں نئی کابینہ میں سماجی بہبود، ترقی نسواں کی وزیر بنایا گیا ہے ۔