لندن: پاکستان آرمی کی جانب سے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کرنے والے آرمی ، رینجرز اور پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔
اس موقع پر فوجی افسران شہدا کے گھروں میں جا کر ان کے گھر والوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور پھول اور سووئینرز پیش کئے جارہے ہیں ۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ حیدرآباد میجر جزل دلاور خان نے حیدرآباد شہر میں مختلف شہدا کے گھروں کا دورہ کیا اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے شہدا کی قربانیوں کو سراہا ۔

بطور خاص انسپکٹر منوج کمار شہید جن کا تعلق سندھ پولیس سے تھا اورمُلک دشمن عناصر کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہوئے ، ان کی فقید المثال قربانی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
شہید کے بھائی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کا مُلک ہے اور بحیثیتِ قوم ہم سب پاکستانی ہیں تمام اقلیتی طبقات بالخصوص ہندو برادری کی وطن کی خاطر پیش کی جانے والی قربانیاں سنہری حروف میں لکھی جانے کے قابل ہیں ۔
دیگر شہدا میں پاکستان رینجرز کے ڈی ایس آر فارق ، پاکستان آرمی کے کیپٹن عبدالمالک ، نائب صوبیدار امداد علی اور سپاہی شوکت علی کے گھروں پر جا کر اہل خانہ سے ملاقات قابل ذکر ہے ۔ اس موقع پر وطن عزیز کی خاطر شہدا کے لواحقین کا جوش و جذبہ مثالی اور قابل دید تھا اور آج ملک خداداد پاکستان انہی عظیم شہدا کی قربانیوں کے طفیل محفوظ و مستحکم ہے ۔
یوم دفاع پاکستان کی تقریبات کا آغاز پوری دنیا میں جاری ہے آج کے دن جہاں 1965 کے شہیدوں مجاہدوں اور غازیوں کو خراج عقیدت و خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے وہاں یہ تجدید عہد کیا جاتا ہے وطن کے دفاع میں ہم مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔