لندن:برطانیہ کے وزیر برائے ویکسی نیشن کا کہنا ہے کہ 12 سے 15 سال کی عمر کے صحت مند بچوں کی کورونا ویکسی نیشن سے متعلق فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے۔ ادھر برطانیہ میں گذشتہ روز کورونا کے 37 ہزار 11 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 68 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ادھر بھارت میں گذشتہ روز کورونا وائرس کے 38 ہزار 948 کیسز رپورٹ ہوئے اور 219 افراد وبا کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں، بحرین نے روسی کورونا ویکسین اسپوٹنک فائیو کی بوسٹر ڈوز کے ہنگامی استعمال کی منظوری دیدی۔
نیوزی لینڈ میں کورونا کیسز میں کمی پر اس حوالے سے عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان کر دیا گیا ہے، تاہم آکلینڈ میں لیول 4 کا لاک ڈاؤن 14ستمبر تک برقرار رہےگا۔ نیوزی لینڈ کے دیگر شہروں میں کورونا الرٹ لیول 3 سے کم کر کے 2 کر دیا گیا ہے، آکلینڈ کے علاوہ پورے نیوزی لینڈ میں اسکول، دفاتر اور کاروبار کھولنے کی اجازت ہے۔جبکہ عوامی مقامات پر ماسک پابندی برقرار اور عوامی اجتماعات 50 افراد تک محدود رہیں گے۔ نیوزی لینڈ میں گذشتہ روز کورونا کے 20 کیسز رپورٹ ہوئے۔
آسٹریلیا میں کورونا کا پھیلاؤ جاری ہے، ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں گذشتہ روز کورونا کے 1 ہزار 281 کیسز رپورٹ ہوئے۔جبکہ ریاست وکٹوریہ میں گذشتہ روز کورونا کے 246 کیسز رپورٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی، میلبورن اور کینبرا میں سخت لاک ڈاؤن نافذ ہیں۔
دریں اثنا برازیل میں گذشتہ روز کورونا کے 12 ہزار 915 کیسز، 266 اموات رپورٹ ہوئیں۔