اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) آزاد کشمیرکے صدر اور سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ریاست آزاد جموں و کشمیر کو پارٹی منشور اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق فلاحی ریاست بنائیں گے،ریاست میں لوٹ مار کی کوئی گنجائش نہیں ، جنہوں نے خطہ جنت نظیر وادی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے اُنہیں کٹہرے میں لائیں گے،کرپشن کرنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں کی جائے گی،اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے واضح ہدایات جاری کردی ہیں،کسی حکومتی عہدے دار یا سرکاری افسران کے خلاف شکایات موصول ہوئیں تو کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی تنظیم سازی کے لئے مشاورت کا عمل جاری ہے،آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کو ناقابل تسخیر قوت بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے وعدوں اورپارٹی منشور کے مطابق خطے میں حقیقی تبدیلی لے کر آئیں،اس سلسلہ میں ہم نے روڈ میپ تیار کر لیا ہےاور ٹیمیں بھی تشکیل دی جا رہی ہیں ،سابقہ ادوار میں آزاد کشمیر میں کرپشن اور لوٹ مار اپنےعروج پر تھی،تحریک انصاف کی حکومت میں کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ہم کرپشن کریں گے اور نہ ہی کسی کو کرنے دیں گے۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کرپشن اور لوٹ مار کے سخت خلاف ہیں، ہم احتساب اور عام آدمی کو روزگار، ریلیف دینے کے لیے کام کریں گے،ہمارے پاس آزاد کشمیر میں ترقی کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی ہے، آزاد کشمیر میں ٹورازم لانے کے لیے انفراسٹرکچر کو بہتر کریں، خوراک، ڈیری، لائیو سٹاک کے حوالے سے آزاد کشمیر کو خود مختار بنائیں گے،پارٹی ورکرز و قائدین کا اعتماد بحال کرنے اور ساتھ لیکر چلنے کی بھرپور کوشش کریں گے ہر قابل ذکر کارکن اور لیڈر کو تحریک انصاف کا حصہ بنائیں گے۔