لندن :برطانیہ میں پٹرول کی قلت میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے فوج نے پٹرول سٹیشن فورکورٹس پر پٹرول کی ڈلیوری میں مدد کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ تقریباً 200سروس مین اینڈ ویمن کو ٹرمنلز سے فور کورٹس پر فیول ڈلیور کرنے کے کام پر مامور کیا گیا ہے۔
ابتدا میں فوجی اہلکار لندن اور سائوتھ ایسٹ پر توجہ مرکوز کریں گے، جہاں ایندھن کی شدید قلت ہے۔ حکومت کوتنقید کا سامنا ہے کہ اس نے پہلے ہی فوجی اہلکاروں کو اس کام پر تعینات کیوں نہیں کیا تھا جب کچھ پٹرول سٹیشن فورکورٹس پر جلدبازی میں پٹرول کی خریداری کیلئے طویل قطاریں لگی تھیں اور ہنگامہ آرائی کے واقعات بھی پیش آئے تھے۔ 65 سے زائد ڈرائیورز پٹرول ڈرلیوری کے کام کا آغاز کر رہے ہیں اور فوجی اہلکاروں کی تعداد کو بتدریج بڑھا کر 200 تک کیا جائے گا جن میں 100 ڈرائیورز شامل ہوں گے۔ ایک حکومتی ترجمان نے کہاکہ برطانیہ بھر میں اوسط پٹرول سٹیشن فورکورٹس پر ایندھن کی صورت حال میںبہتری کی علامات نظر آ رہی ہیں اور ڈیمانڈ بدستور مستحکم ہو رہی ہے۔
فیول ڈلیوریز کی تربیت مکمل کرنے والے نصف سے زائد ڈرائیورز کو لندن اور سائوتھ ایسٹ آف انگلینڈ میں ٹرمینلز سے فورکورٹس پر پٹرول ڈلیوریز کیلئے تعینات کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہےکہ پیر سے پہلے مرحلے میں ان ایریاز کو فوکس کیا جا رہا ہے جو ایندھن کی شدید قلت سے زبردست متاثر ہیں۔ پٹرول ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے پٹرول مصنوعات کی فراہمی کی تازہ ترین صورت حال کے حوالے سے کہا کہ 20 فیصد یعنی پانچ میں سے ایک سےزائد پٹرول فورکورٹس بدستور خشک پڑے ہیں۔ تاہم سکاٹ لینڈ، ویلز اور نارتھ اینڈ مڈلینڈز میں پٹرول کرائسس اب ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔