الحرا ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سنٹر لوٹن میں ’’میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم ‘‘ کانفرنس کا انعقاد

0 879

لوٹن:الحرا ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سنٹر لوٹن میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے سلسلے میں ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن سروری قادری تھے۔ اس پروگرام کی نظامت اور سرپرستی پروفیسر مسعود اختر ہزاروی ڈائریکٹر الحرا ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سنٹر لوٹن نے کی۔ اس مجلس کا آغاز حا فظ محمد بشیر الدین امام و خطیب الحرا ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سنٹر لوٹن کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس با برکت پروگرام میں کثیر تعداد میں اہالیان لوٹن نے شرکت کی۔

 صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن سروری قادری نے بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں آج کے پیش آمدہ مسائل کو نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی دی ہوئی تعلیمات کی روشنی میں حل کرنے کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے مختصر وقت میں عظیم الشان مسجد کی تعمیر مکمل کرنے پر اہالیان لوٹن کو مبارک باد دی۔ حضرت علامہ سید محمد ظفر اللہ شاہ صاحب نے عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت پر دلنشین اور سبق آموز خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں رہتے ہوئے ہمیں نفرت آمیز گفتگو سے اجتناب کرنا ہے۔ لیکن یہاں کے قانون کے مطابق ہم کھل کر منکرین ختم نبوت کی سرکوبی کر سکتے ہیں کیونکہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کا ایک اساسی عقیدہ ہے۔ حضرت علامہ صاحبزادہ غلام جیلانی نقشبندی نے حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے اخلاق حسنہ اور شمائل پر خوبصورت خطاب کیا۔

انہوں نے اخلاقی اقدار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی احادیث کے حوالے دے کر حسن خلق اپنانے کی تلقین کی۔ چھوٹوں پر شفقت،  بڑوں کا ادب اور طبیعت میں نرمی جیسی صفات معاشرے کو خوشگوار بناتی ہیں جبکہ بد اخلاقی کا نتیجہ ہمیشہ منفی اور خطرناک ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی انتشار کا بڑا سبب اخلاقی قدروں کا پامال ہونا ہے۔ بریڈ فورڈ سے آئے ہوئے مہمان مقرر امام عادل شہزاد نے اپنے انگریزی خطاب میں حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی سیرت طیبہ کے نقوش پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مساجد و مدارس کی اہمیت بیان کرتے ہوئے انہیں مزید فعال اور وقت، حالات کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مرکزی جامع مسجد لوٹن کے امام و خطیب حضرت علامہ حافظ اعجاز احمد نقشبندی نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی رفعت شان اور عظمت رسالت کو بیان کیا۔ انہوں نے اعلی حضرت فاضل بریلوی کے کلام  "سب سے اعلی و اولی ہمارا نبیؐ کی احسن انداز میں تشریح کرتے ہوئے ایک خوبصورت سماں باندھ دیا۔ مغربی افریقہ کے ملک سینیگال سے تعلق رکھنے والے سلسلہ تیجانی قادری کے شیخ طریقت الشیخ ابراہیم خلیل النیاس نے عربی زبان میں نعتیہ اشعار اور قصائد پیش کر کے محفل میلاد شریف کی اس رونق کو دوبالا کیا۔ حافظ محمد عمر نے انگریزی زبان میں فکر انگیز خطاب کیا۔ آج کے ہمارے مسائل اور ان کے حل کی تجاویز پیش کیں۔ جامع مسجد جامعہ الاکبریہ سے علامہ ساجد محمود نے خصوصی شرکت کی اور ملفوظات سے نوازا۔ لوٹن میں بنگلہ دیشی کمیونٹی کی جلال آباد مسجد کے امام و خطیب علامہ حافظ محمد دلاور اور علامہ حافظ محمد بہلول نے خصوصی طور پر اس مجلس میں شرکت کی۔ لندن سے آئے ہوئے مہمان نعت خوان محمد اشرف سیالوی نے خوبصورت اور مسحور کن آواز میں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم میں ہدیہ نعت پیش کیا۔

علاوہ ازیں قاری شبریز اختر کیانی،  راجہ عجائب خان، محمد حمزہ خالد اور چوہدری ذاہد کے صاحبزادے عیسی ذاہد چوہدری  نے بھی نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پیش کی۔ اس پروگرام میں کثیر تعداد میں لوٹن کی مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کر کے اپنے پیارے نبی آقائے نامدار صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے محبت اور وفاداری کا ثبوت دیا۔ اس پروگرام میں برمنگھم سے حافظ رمضان رضا قادری، ڈپٹی لیڈر آف لوٹن بارو کونسل راجہ اسلم خان، سابق میئر آف لوٹن راجہ وحید اکبر، چوہدری محمد فاروق رولوی، شاہد حسین، چوہدری صابر حسین، چوہدری ریاض قدیر، چوہدری غلام فرید، شبیر مغل، چوہدری محمد ذاہد، راجہ جاوید خان اور کثیر تعداد میں دیگر احباب نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.