نو عمر نازی کو دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی پر11 سال قید کی سزا

0 101

لندن:نو عمر نازی کو دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کے الزام پر جیل بھیج دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ایک نو عمر نازی نے ایک ایشیائی دوست کو گولی مارنے کی سازش کی تھی کیونکہ اس کے سفید فام لڑکیوں کے ساتھ جنسی تعلقات تھے۔ عدالت نے اسے 11 سال سے زائدقید کی سزا سنا دی۔ 18 سالہ میتھیو کرونجاگر نے اپنے ٹارگٹ کو قتل کرنے کے لئے تھری ڈی پرنٹڈ گن یا سو ن آف شاٹ گن حاصل کرنے کی کوشش کی۔ کرونجاگر نے اپنے ایشیائی ہدف کو ’’ لال بیگ‘‘ سے تشبیہ دی تھی۔

اس نے اپنے آپ کو دائیں بازو کے دہشت گرد سیل کے "باس” کے طور پر تیار کیا اور دائیں بازو کے پروپیگنڈے اور دھماکہ خیز مواد سے متعلق اشتراک کے لئے ایک آن لائن لائبریری بنائی۔ کرونجاگر کے منصوبوں کو ایک خفیہ پولیس افسر نے ناکام بنا دیا جو خفیہ طور پر ایک ٹیلی گرام گروپ ’’دی برٹش ہینڈ‘‘ میں شامل ہو گیا تھا۔ اولڈ بیلی میں مقدمے کی سماعت کے بعد کرونجاگر کو دہشت گرد کارروائیوں کی تیاری اور ٹیلی گرام پر دہشت گردانہ مواد پھیلانے کا مجرم پایا گیا۔

اس نے اپنے مقدمے کی سماعت کے پہلے دن دہشت گردی کی دستاویزات رکھنے کے چار الزامات کا اعتراف کیا تھا۔ گزشتہ روز ایسیکس میں انگیٹسٹون کے مدعا علیہ کو مجموعی طور پر 11 سال اور چار ماہ کی سزا سنائی گئی جو وہ نوجوانوں کی جیل میں کاٹے گا۔ جج مارک لو کرافٹ کیو سی نے اس سے کہا کہ ’’میرے خیال میں آپ وہ شخص ہیں جس نے دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کیا۔‘‘ جج نے کردار کے حوالہ جات نوٹ کئے جو انہیں کرونجاگر کے والدین اور دیگر لوگوں سے ملے تھے جو اسے کئی برسوں سے جانتے تھے۔

کرونجاگر کے متاثرہ شخص نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ’’دکھ، تکلیف اور دھوکہ دہی‘‘ محسوس کرتا ہے۔ اس نے کہا جب مجھے پہلی بار سی ٹی پولیس نے یہ خبر دی تو میں نے اسے صاف کہہ دیا کہ وہ ضرور مذاق کر رہا ہوگا۔ عجیب بات یہ تھی کہ صرف یہ حقیقت نہیں تھی کہ وہ مجھے مارنے کی سازش کر رہا تھا جس سے ابتدائی طور پر تکلیف ہوئی، یہ حقیقت تھی کہ ہم اپنے مستقبل کے بارے میں سنجیدہ گفتگو کر رہے تھے اور ہم کرسمس کی مبارکباد کا تبادلہ کر رہے تھے، اس دوران پس منظر میں وہ میرا آخری کرسمس بنانے کا ارادہ کر رہا تھا، جو واقعی تکلیف دہ تھا۔ وکیل ٹم فورٹی نے کہا کہ کرونجاگر نے ’’سخت اظہار افسوس‘‘ کیا اور معافی کی پیش کش کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.