نئے اینٹی باڈیز طریقے سے کورونا کا علاج بھی ہوتا ہے اور روک تھام بھی،کمپنی کا دعویٰ

0 389

لندن: ایک نئے ڈیٹا کے مطابق اسٹرازینیکا کمپنی نے ایک نیا طریقہ علاج دریافت کیا ہے جسےAZD7442 کا نام دیا گیا ہے۔ کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے ذریعے نہ صرف یہ کہ کورونا کا علاج ہوتا ہے بلکہ کورونا کی روک تھام بھی اسی سے کی جاتی ہے۔ اسٹرازینیکا گزشتہ ہفتہ امریکہ کی فوڈ اور ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو اس کا ہنگامی طورپر استعمال شروع کرنے کی اجازت کیلئے درخواست دی ہے۔ اسے 2 طرح کی اینٹی باڈی کو ملا کر احتیاطی علاج کے طورپر تیار کیا گیا ہے۔

پیر کو اسٹرازینیکا کی جانب سے اس کے تجرباتی نتائج ظاہرکئے گئے ہیں، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کے ذریعہ ہسپتال میں داخل نہ ہونے والے کورونا وائرس کے معمولی اور درمیانہ درجے کے حملے کے نتیجے میں شدید بیمار افراد کو مرض سے نجات دلانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ کمپنی کے دعوے کے مطابق 903 افراد پر اس کے تجربات کئے گئے، جن میں سے بیشتر کورونا کے شدید خطرے سے دوچار تھے اور انھیں دیگر امراض بھی لاحق تھے۔ کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان مریضوں کو AZD7442 دوا کی 600 ایم جی کی ایک خوراک انجکشن کے ذریعے دی گئی، جس سے ان میں کورونا کے شدید صورت اختیار کرنے کا خطرہ ٹل گیا اور مرنے کے خدشات میں 50 فیصد کمی ہوگئی۔

کمپنی کےمطابق جن لوگوں نے علامات ظاہر ہونے کے 5 دن کے اندر علاج شروع کردیا AZD7442 نے ان میں شدید قسم کا کورونا پیدا ہونے یا اس کے نتیجے میں موت کے خدشات میں پلاسبو کے مقابلے میں 67 فیصد زیادہ کمی ہوگئی۔ ان تجربات کی قیادت کرنے والے یونیورسٹی کالج لندن کے انتہائی نگہداشت کی دوائوں کے پروفیسر ہف منٹگمری نے کہا کہ اب بھی جبکہ پوری دنیا میں کورونا کا پھیلائو جاری ہے، AZD7442 جیسی نئی دوا کی ضرورت ہے، جس کے ذریعے حساس لوگوں کو کورونا کا شکار ہونے سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ اس دوا کے تجرباتی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ AZD7442 کا ایک انجکشن اس تباہ کن وبا کی بیخ کنی میں اہم کردار ادا کرتاہے۔ تجرباتی نتائج کی مکمل رپورٹ سینئر ڈاکٹروں کے جائزے کیلئے اشاعت کی غرض سے پیش کی جائے گی جبکہ کورونا کے علاج کے حوالے سے ایک دوسری اسٹڈی رپورٹ میں، جو اگست میں شائع کی گئی، یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ جن لوگوں کو بھی AZD7442 دی گئی، ان میں سے کسی پربھی کورونا کے شدید حملے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ 5,000 سے زیادہ افراد پر کی گئی اسٹڈی کے مطابق AZD7442 کے استعمال سے کورونا کی علامات پیداہونے میں پلاسبو کے مقابلے میں 77 فیصد کمی آجاتی ہے۔ اس تجربے میں شریک 75 فیصد افراد دیگر امراض میں بھی مبتلا تھے یا ان کا مزاحمتی نظام بہت کمزور ہوچکا تھا، جس کی وجہ سے ان کو کورونا کے زیادہ شدید حملے کا خطرہ تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.