لندن:برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید نے فائزر کمپنی کی کورونا اینٹی وائرل گولی کے مثبت نتائج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائزر اینٹی وائرل گولی کو منظوری ملنے کی صورت میں کورونا کے خلاف ہمارے ہتھیاروں میں اضافہ ہو جائے گا۔
رواں ہفتے برطانیہ، امریکی کمپنی مرک کی کورونا اینٹی وائرل گولی کی منظوری دینے والا دنیا کا پہلا ملک بھی بن چکا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق برطانیہ نے اکتوبر میں ہی فائزر اینٹی وائرل گولی کے ڈھائی لاکھ کورسز حاصل کر لیے ہیں جبکہ برطانیہ مرک کورونا اینٹی وائرل گولی کے 4 لاکھ 80 ہزار کورسز بھی لے چکا ہے۔
فائزر کمپنی نے اپنی کورونا اینٹی وائرل گولی کے 89 فیصد مؤثر ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔