برصغیر پا ک و ہند کی سب سے قدیم کشمیری فلاحی تنظیم سدھن ایجوکیشنل کانفرنس برطانیہ کے زیر اہتمام ایک یادگار تقریب کا انعقاد بر منگھم کے ایک مقامی ہال میں منعقد کیا گیا ۔
اس تقریب کا مقصد آزادکشمیر میں تعلیمی انقلاب کےبانی بابا ئے پونچھ کرنل خان محمد خان ، بانی صدر آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر غازی ملت سردار ابراہیم خان اور سابق رکن آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی اور صدر جموں و کشمیر پیپلز پارٹی سردار خالد ابراہیم مرحوم کی سیاسی سماجی و علمی خدما ت اور خالد ابراہیم کے اعلی کردار پر زبردست خراج عقیدت پیش کرنا تھا ۔
اس موقع پر برطانیہ بھر سے سیاسی، سماجی، کاروباری و مذہبی شخصیا ت نے خصوصی شرکت کی ۔ تقریب کے شرکاء سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے لارڈ میئر آف برمنگھم کونسلر محمد افضل کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں کبھی بھی اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرتی ہیں ضرورت اس امر کی ہے جواں سال نسل کو اپنے قومی ہیروز اور محسنین کے کردار افکا ر اور نظریا ت سے روشناس کروایا جا ئے ۔
تقریب سے خطابات کرتے ہوئے صدر سدھن ایجوکیشنل کانفرنس برطانیہ ڈاکٹر شوکت علی خان ، صدر کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی چوہدری شاہنواز، محمد سعید مغل ایم بی ای ، محمد غالب صدر تحریک کشمیر یورپ، راجہ فہیم کیانی صدر تحریک کشمیر برطانیہ، جہانزیب خان ، ایس ایم عرفان طاہر، چوہدری عبد الغفور کھاڑک، لیاقت لون ( صدرجے ایل الف )، صابر گل (جے ایل الف ) سردار اعجاز شریف( رہنماجے کے پی پی )، آصف شریف،سردار اخلاق سردار الطاف عباسی اور دیگرکا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو مستقبل کی قیادت مہیا کرنے کے لیے اچھی اور معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی دینا ہوگی ۔
ہما رے اسلاف اور آبا و اجداد نے اپنی ذمہ داری احسن انداز میں پوری کر لی اب ہمیں ان کے ادھورے اور نامکمل مشن کو منزل مقصود تک پہچانا ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کشمیر کے بلندی درجات اور غازیوں کی کامیابی و کامرانی کےلیے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔