وزیر اعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ محمود خان کی ملاقات، بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجوہات بتائیں

0 120

اسلام آباد:وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجوہات رکھ دیں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاقات کی، اس موقع پروفاقی وزراء میں سے شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈا پور سمیت دیگر شریک تھے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان نے خیبرپختونخوا کے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ناکامی سے متعلق رپورٹ پیش کی اور ساتھ ہی ناکامیوں کی وجوہات سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبے کے 17 اضلاع میں الیکشن بدانتظامی کی وجہ سے ہارے ہیں، پارٹی اس دوران منظم نظر نہیں آئی۔ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹکٹوں کی تقسیم بھی بلدیاتی انتخابات میں ناکامی کی وجہ رہی، اپنی پارٹی کے ارکان ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑے ہوگئے۔

وزیراعلیٰ محمود خان کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پارٹی امیدواروں کا بہترین چناؤ نہ ہونا بھی ناکامی کی ایک وجہ ہے، پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں نے نامزد امیدواروں سے اختلاف رکھا۔ذرائع کے مطابق دوران ملاقات وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے آئندہ مرحلے بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدواروں کا چناؤ خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملاقات میں عمران خان نے محمود خان کو پارٹی کارکنوں کو منظم کرنے کی ہدایت کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پہلے مرحلے کے نتائج سے سبق سیکھنا ہوگا، پارٹی کے اندرونی اختلافات کا فائدہ مخالفین کو ہوا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.