لندن: بریگزٹ کے بعد برطانیہ میں مسلسل مہنگائی کی شرح میں اضافے کی وجہ سے عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے جب کہ سفید پوش طبقہ فاقہ کشی پر مجبور ہو گیا ہے، برطانیہ میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے عام شہریوں پر اس سال موسم سرما کے دوران روزمرہ کے اخراجات کا اضافی بوجھ پڑنے سے ان کی قوت خرید دم توڑ رہی ہے، اشیائے خورد و نوش کے علاوہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اس سال موسم سرما میں بہت سے خاندانوں کو کھانے پینے یا گھروں کو گرم رکھنے میں سے کسی ایک چیز کا انتخاب کرنا پڑا ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور یورپی یونین سے علیحدگی کی وجہ سے برطانیہ کی اقتصادی صورتحال خراب ہے،کورونا وائرس کے اقتصادی اثرات کے پیش نظر برطانیہ کے عوام کو ایندھن کے بحران، بے روزگاری اور افراط زر میں اضافے کی وجہ سے سنگین مشکلات کا سامنا ہے، تیل اور گیس کی مانگ دنیا بھر میں توانائی کی قیمتوں کو مسلسل بڑھا رہی ہے اور لوگوں کو توانائی کے اضافی اخراجات ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔ کورونا کے وبائی مرض کے دوران کاروباری اداروں کیلئے حکومت کی مدد سے مہمان نوازی کیلئے وی اے ٹی میں کمی بھی ختم کر دی گئی ہے ،کاروباری ادارے، لاری ڈرائیورز اور مہمان نواز ی کے عملہ کو بھرتی کرنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
بین الاقوامی پالیسی فورم او ای سی ڈی کے مطابق یہ جزوی طور پر وبائی بیماری کی وجہ سے ہے لیکن بریگزٹ کے اثرات بھی برطانوی معیشت پر انتہائی منفی مرتب ہو رہے ہیں، مہنگائی کی شرح میں 5.1فیصد اضافہ سفید پوش طبقے کے لیے ناقابل برداشت ہے جب کہ اشیائے خوردونوش اور دیگر سامان کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے اس کا عوام پر انتہائی برااثر مرتب ہو سکتا ہے ،بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متاثرین جن کی آمدنی انتہائی کم ہے واپس وطن جانے سے بھی گریز کرتے ہیں کیونکہ ان کے پاس کوئی جمع پونجی نہیں،تنخواہ دار طبقہ بھی اس صورتحال سے شدید ذہنی اذیت کا شکار ہے مگر وہ لوگ انتہائی خوش قسمت ہیں جن کی آمدنی قیمتوں کے برابر بڑھ رہی ہے جیسے مثال کے طو رپر لاری ڈرائیورز کی اجرت میں لوگوں کو ان ملازمتوں کی طرف راغب کرنے کیلئے بھاری معاوضہ دینے کا اعلان کیا گیا۔
گھر کی تزئین وآرائش شعبہ میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں لکڑی کی قیمت دوگنی ہونے ، دروازوں اور کھڑکیوں میں استعمال ہونے والے پلاسٹک کی قیمت میں تقریبا 13فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ اوبر کرایہ، رائیڈ ہیلنگ ایپ نے حال ہی میں لندن میں اپنے بنیادی کرایہ جات میں دس فیصد اضافہ کیا ہے، مشہور برانڈز سیوری اسنیکس جیسے پرنگلز، ڈوریٹوس اور ہولا ہوپس اکتوبر کے آخر تک 12 ہفتوں میں 7.6 فیصد بڑھ گئے ،یہ امر قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں سپلائی چین متاثر ہونے اور افرادی قوت میں قلت کی وجہ سے کاروباری طبقہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہے ۔