برطانیہ کا سب سے کم عمر دہشتگرد رہائی شرائط توڑنے پر دوبارہ جیل منتقل

0 434

لندن: بلیک برن لنکا شائر سے تعلق رکھنے والا برطانیہ کا سب سے کم عمر دہشت گرد، جس کی عمر صرف14سال ہے، رہائی کی شرائط توڑنے پر دوبارہ جیل پہنچ گیا۔ اس کی شناخت صرف RXG کے حروف سے کی جاتی ہے۔ اسے انتہائی پختہ دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔ اسے اپریل 2015میں آسٹریلیا میں انزک ڈے کی پریڈ کے موقع پر لوگوں کا قتل عام کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد سے چند روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے 6 ماہ بعد مانچسٹر کرائون کورٹ نے اسے عمر قید کی سزا سنائی تھی اورکہا تھا کہ وہ کم از کم 5 سال جیل میں سزا کاٹنے کے بعد اکتوبر 2020 ہی میں پیرول پر رہائی حاصل کرسکے گا۔ اسے گزشتہ ماہ دوبارہ گرفتار کیا گیا اور اب وہ نارتھ انگلینڈ کی جیل میں ہے۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ RXG نے اپنی رہائی کی شرائط کی خلاف ورزی کی تھی، اس کے قبضے سے ایک اسمارٹ فون برآمد ہوا ہے، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فون میں کس طرح کا مواد موجود تھا۔ RXG نے اپنے فون سے آسٹریلیا میں موجود ایک جہادی کو 3,000 سے زیادہ میسیجز کے ذریعے ہدایات دی تھیں۔ اس کم عمر ملزم کو داعش کا پروپگنڈہ کرنے والے ابو خالد الکمبوڈی نے آن لائن بھرتی کیا تھا اور اسے آرگنائزر اور مشیر کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔ اسے پولیس افسروں کو قتل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ اس کم عمر ملزم کے قبضے سے برطانوی پولیس کے برآمد کردہ میٹریل کے بعد آسٹریلیا کی پولیس کو چوکنا کردیا گیا تھا۔ میڈیا کو RXG کی صحیح شناخت ظاہر کرنے کی ممانعت کی گی ہے تاکہ اس کے بحالی میں کوئی خلل نہ پڑے۔

پروبیشن سروس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، اس لئے جب ملزم نے اپنی رہائی کی شرائط کی خلاف ورزی کی اور خطرہ محسوس ہوا تو ہم نے اسے جیل بھیجنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اس نے مزید کوئی جرم کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ RXG کا ائرپورٹ کے قریب پتہ چلایا گیا تھا اور جب اسے جیل پہنچایا گیا تو وہ شیو بنائے ہوئے تھا۔ اکتوبر 2015ء میں جب مانچسٹر کرائون کورٹ نے اسے سزا سنائی تھی تو ایک ماہر نے اسے فورسز اور ایمرجنسی سروز کے اہلکاروں کیلئے ایک خطرہ قرار دیا تھا۔ اس کو سزا سناتے ہوئے مسٹر جسٹس سائونڈرز نے کہا تھا کہ یہ انکشاف کہ ایک صرف 14 سالہ لڑکے کو انتہا پسند بنایا گیااور وہ قتل کرنا چاہتا تھا، روح فرسا ہے۔

عدالت کوبتایا گیا تھا کہ ملزم خود کو اپنی تعلیمی اور گھریلو زندگی میں تنہا محسوس کرتا تھا اور وہ مذہبی انتہاپسندی کے ذریعے اپنی زندگی کا یہ خلا پر کرنےکی کوشش کررہا تھا۔ حکومت کی جانب سے اسے انتہاپسندی چھوڑنے کیلئے اقدامات کی صرف زبانی تسلی دی گئی۔ پولیس کو ملزم کی خواب گاہ سے الیکٹرانک ڈیوائس پر قابل اعتراض میٹریل ملا تھا۔ اسی دوران ملبورن سے تعلق رکھنے والے ملزم بیسم نے، جس کی اس وقت عمر 18سال تھی، دہشت گردی کے ایک واقعے میں ملوث پایا گیا تھا اور اسے2016ء میں وکٹورین سپریم کورٹ کی جانب سے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ RXG کی شناخت ظاہر کرنے کی ممانعت اس کی عمر 18 سال سے کم ہونے کی وجہ سے کی گئی تھی۔ 2019ء میں اس نے ہائی کورٹ سے تاعمر شناخت ظاہر نہ کئے جانے کا فیصلہ حاصل کرلیا تھا۔ جج کا کہنا ہے کہ ماہرین کا کہنا تھا کہ RXG کی شناخت ظاہر کئے جانے سے اس کی بحالی میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.