لندن: ٹرانسپورٹ ورکرز کی ٹریڈ یونین آر ایم ٹی نے لندن انڈر گراؤنڈ میں دو دن کی مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ٹیوب پر کام کرنے والے آرگنائزیشن کے تقریباً 10000ارکان سے کہا گیا ہے کہ وہ یکم مارچ اور تین مارچ کو ٹیوب سے واک آئوٹ کریں۔ ٹرانسپورٹ یونین کا یہ تنازع ٹی ایف ایل (ٹرانسپورٹ فار لندن) کے ان پلانز پر ہے جن کا مقصد پیسہ بچانے کیلئے 600 سٹیشن پوسٹس کا خاتمہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تنخواہ، پنشنز اور حالات کار پر ورکرز کے خدشات بھی ہیں۔ ٹی ایف ایل نے اس اعلان کو انتہائی مایوس کن قرار دیا ہے۔
دونوں دن آر ایم ٹی یونین کے ورکرز کا واک آئوٹ 00:01 جی ایم ٹی پر شروع ہوگا اور 23:59 تک جاری رہے گا۔ اگر ٹیوب ورکرز کی ہڑتال کا پلان آگے بڑھا تو اس سے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں بڑا تعطل پیدا ہونے کا امکان ہے۔ آر ایم ٹی کے جنرل سیکرٹری مک لنچ نے کہا کہ لندن ٹیوب (ایل یو) میں کٹوتیوں کے ایجنڈے کو بڑھاوا دینے کیلئے حکومت نے جان بوجھ کر مالیاتی بحران کو انجینئرڈ کیا ہے۔ یہ ایجنڈا ملازمتوں، سروسز، سیفٹی کو متاثر کرے گا اور ملازمین کیلئے حالات کار اور پنشنز کیلئے خطرناک بنا دے گا۔ آر ایم ٹی کا کہنا ہے کہ یہ وہی ٹیوب سٹاف ہے، جس نے کورونا وائرس کوویڈ 19 پینڈامک کے دوران تقریباً دو سال اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر کام کیا اور اب ان کے پاس اپنے روزگار کے دفاع کیلئے ہڑتال کے سوا کوئی اور آپشن نہیں بچا ہے۔
انہوں نےکہا پینڈامک کے دوران کام کرنے والے ان ورکرز کو ان کی سروسز پر ہیروز کے طور پر سراہا گیا تھا۔ ٹی ایف ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر اینڈی لارڈ نے کہا کہ آر ایم ٹی یونین کی جانب سے ٹیوب میں دو دن کی ہڑتال کا اعلان انتہائی مایوس کن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنشنز یا حالات کار کے ضوابط کے بارے میں کوئی تجاویز پیش نہیں کی گئیں اور ہم نے جو تجاویز تیار کی ہیں ان کے نتیجے میں کوئی شخص اپنی جاب سے نہ تو محروم ہوا اور نہ محروم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا پینڈامک کے ٹی ایف ایل پر تباہ کن اثرات مزتب ہوئے ہیں، جن کی وجہ سے فوری طور پر ضروری تبدیلیوں کا پروگرام مرتب کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آر ایم ٹی ہمارے ساتھ کام کرے نہ کہ لندن ٹیوب کی ریکوری میں خلل ڈالے۔ ہم ان پر زور دیتے ہیں کہ وہ لندن کیلئے صحیح کام کریں اور ہم سے مذاکرات کریں اور ہڑتال کی اس غیر ضروری کارروائی کو ختم کریں۔ ایک اور علیحدہ تنازع کے حصے کے طور پر فی الحال سینٹرل اور وکٹوریہ لائنز پر 19 جون تک ہر جمعہ اور ہفتہ کو نائٹ ٹیوب میں ہڑتالوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔