برطانیہ میں لاکھوں افراد ہارٹ فیلیئر کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں

130

لندن :برٹش ہارٹ فائونڈیشن نے اندازہ لگایا ہے کہ برطانیہ میں9لاکھ20ہزار افراد ہارٹ فیلیئر کے ساتھ رہ رہے ہیں اور ہر سال تقریباً2لاکھ نئی تشخیص ہوتی ہیں۔ ہارٹ فیلیئر کیا ہے، ہارٹ فیلیئر کا مطلب یہ نہیں کہ کسی شخص کے دل نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ جسم میں اتنے موثر طور پر خون پمپ نہیں کرتا جتنا کرنا چاہئے اور بہتر طور پر کام کرنے کے لیے مدد کی ضرورت رکھتا ہے، کسی شخص کا ہارٹ فیلیئر تب ہوتا ہے جب اسے مستقل نقصان ہو جو اچانک یا مہینوں اور برسوں پر محیط ہوسکتا ہے، اس کے اسباب کیا ہیں، اس کے اسباب کے بہت سے عوامل ہوسکتے ہیں اور سب سے زیادہ عام اسباب میں ہارٹ اٹیک ہوسکتا ہے، یہ دل کو طویل عرصے کے لیے نقصان پہنچا سکتا ہے اور پمپنگ کو متاثر کرسکتا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر دل پر اضافی دبائو ڈالتا ہے اور ہارٹ فیلیئر کی طرف لے جاتا ہے۔ کارڈیو مایو پیتھز دل کے عضلے کی بیماریاں ہیں جو دل کے ڈھانچے اور خون پمپ کرنے کی صلاحیت کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، ہارٹ فیلیئر کی علامات کیا ہیں۔ علامات میں ٹانگوں، ٹخنوں، پیٹ اور پشت کے اطراف ورم، کام کرتے وقت یا آرام کرنے کے دوران دم گھٹنا اور غیر معمولی طور پر تھکن یا کمزوری محسوس کرنا شامل ہیں۔ ہارٹ فیلیئر کا شکار شخص ہر وقت ناتوانی محسوس کرسکتا ہے۔

اس کے دل کو جسم کے لیے خون اور آکسیجن فراہم کرنے کے لیے کڑا سے کڑا کام کرنا پڑتا ہے اور جیسے جیسے یہ حالت بڑھتی ہے، زندگی کا معیار زیادہ سے زیادہ متاثر ہونے لگتا ہے۔ آیا ہارٹ فیلیئر کا علاج ہے تو اس کا جواب یہ ہے کہ ہارٹ فیلیئر کا کوئی علاج نہیں اور جو علاج دستیاب ہیں وہ صرف اثرات کو کنٹرول کرنا اور زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کی کوشش ہے۔ ہارٹ فیلیئر کے شکار افرد کو ایسی ادویہ تجویز کیے جانے کا امکان ہے جن کا مقصد علامات بہتر بنانا، ہسپتال کے اندر اور باہر ممکنہ حد تک صحت مند رکھنا اور حالت کو بگڑنے سے روکنا ہے۔ کچھ افراد ایک قسم کے پیس میکر سے استفادہ کرسکتے ہیں جو ان کے دل کی پمپنگ کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے، تاہم اگر علاج سے کوئی فائدہ نہ ہو تو ہارٹ ٹرانسپلانٹ سرجری پر غور کیا جاسکتا ہے۔

اس میں متاثرہ دل ڈونر کے صحت مند دل سے بدلہ جاتا ہے، گرچہ یہ زندگی بدل سکتا ہے تاہم یہ کیسوں کے چھوٹے تناسب کے لیے ہی آپشن ہے، ہر سال برطانیہ میں2سو تک کی تعداد میں ٹرانسپلانٹ کیے جاتے ہیں تاہم ڈونر ہارٹس کی کمی پائی جاتی ہے جس کا مطلب ہے کہ دل کے ضرورت مند بہت سارے افراد موت کا شکار ہوجائیں گے۔ ری جنریٹو میڈیسن کیا ہے۔ برٹش ہارٹ فائونڈیشن اپنے قیام سے لے کر اب تک ریسرچ کے اس شعبے میں سرمایہ کاری کررہی ہے جو مریضوں کے لیے امید کا پیغام ہے۔ پہلے سائنس فکشن تصور کی جانے والی میڈیسن خون کی نالیوں اور دل کی تباہ شدہ بافتوں کو دوبارہ اگانے، مرمت کرنے اور تبدیل کرنے کی خاصیت رکھتی ہے۔

Comments are closed.