ملٹن کینز سٹی سٹیٹس حاصل کرنے میں کامیاب  

179

ملٹن کینز:ملٹن کینز ٹاؤن جسے لوگ ملٹن کینز سٹی کے نام سے جانتے ہیں اس سال ملکہ برطانیہ کی پلاٹینیم جوبلی کے موقع پر باقاعدہ طور پر سٹی کا ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ یاد رہے کہ ملٹن کینز انتظامیہ نے سن 2000 کے بعد  2002 میں ملکہ برطانیہ کی گولڈن جوبلی اور 2012 میں ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر بھی سٹی سٹیٹس حاصل کرنے کے لیے درخواست دی مگر وہ اس میں ناکام رہے۔ لیکن اس سال ملکہ برطانیہ کی پلاٹینیم جوبلی کے موقع پر ملکہ برطانیہ کی طرف سے آٹھ شہروں کو سٹی سٹیٹس دیا گیا ہے جسمیں ملٹن کینز بھی شامل ہے جس پر  اہل علاقہ اور انتظامیہ نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔

کونسلر سلینہ راجہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے پچھلے چند سالوں سے ملٹن کینز سٹی سٹیٹس حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی اور اس سال ملکہ برطانیہ کی پلاٹینیم جوبلی پر ملٹن کینز کو سٹی سٹیٹس ملنا نہایت خوش آئندبات ہے، انکا کہنا تھا کہ ملٹن کینز نیا شہر ہونےکیساتھ ساتھ تاریخی اہمیت کا بھی حامل ہے جن میں بلیچلی پارک جو کہ جنگ عظیم دوم میں کوڈ بریکر کے نام سے جانا جاتا ہے اور وولورٹن ورکس جو کہ دنیا کی سب سے پہلی تیز رفتار ٹرین کا انجینئرنگ ہیڈ کوارٹر تھا شامل ہیں۔

ملٹن کینز میں موجود وولورٹن  برطانیہ کا پہلا ریلوے ٹاؤن ہے جو کہ برمنگھم اور لندن کے عین وسط میں واقع ہے۔

یاد رہے کہ کسی بھی ٹاؤن کو سٹی سٹیٹس حاصل کرنے کے لیے دیگر لوازمات کیساتھ ساتھ وہاں کیتھیڈرل کا ہونا بھی لازمی ہوتا ہے لیکن ملٹن کینز میں پتھر اور اینٹوں کے روایتی کیتھیڈرل کی بجائے درختوں کا کیتھیڈرل بنایا گیا ہے جسے ٹری کیتھیڈرل کے نام سے جاناجاتا ہے۔ برطانیہ کے دوسرے  شہروں کی نسبت ملٹن کینز میں لوگ زیادہ تیزی سے منتقل ہو رہے ہیں جسکی وجہ سے یہ کثیر الثقافتی ہونے کیساتھ ساتھ کثیر اللسانی شہر بن چکا ہے جہاں تقریباً 140 کے لگ بھگ مختلف زبانیں بولی جاتی ہیں۔ 

Comments are closed.