اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ ملکی صنعت کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا، اس منصوبے سے پاکستانی بندرگاہوں کے زمینی رابطے مربوط ہونے سے پاکستان کی برآمدات بروقت عالمی منڈیوں میں پہنچ سکیں گی جس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ کہ اس منصوبے سے بین الاقوامی معیار کا جدید کمیونیکیشن انفراسٹرکچر قائم ہوگا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سی پیک کے تحت ایم ایل ون منصوبے کا جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں وزیر ریلوے اعظم سواتی، ڈپٹی چیرمین منصوبہ بندی کمیشن، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، سیکریٹری ریلوے، اقتصادی امور، خزانہ، منصوبہ بندی ڈویژن اور سینئر افسران شریک ہوئے۔
وزیراعظم کو ایم ایل ون منصوبے اور موجودہ پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے منصوبہ پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے سی پیک منصوبے کو پاک چین دوستی کی شاندار مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں بین الاقوامی معیار کا جدید کمیونیکیشن انفراسٹرکچر قائم ہوگا۔