لندن:برطانیہ میں چیف میڈیکل آفیسرز نے کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کی ری شیڈولنگ کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اس فیصلےکو سمجھیں گے، تاہم جنرل پریکٹشنرز نے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عوام میں کنفیوژن پھیل سکتی ہے۔
برطانوی حکومت نے ویکسینیشن کے دوسرے مرحلے میں پانچ لاکھ سے زائد افراد کو کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کے بارے میں کہا ہے کہ فائزر اور ایسٹرازینیکا کی دوسری خوراک 12ہفتے کے فرق سے دی جائے گی۔فائزر کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز 4 جنوری کو دی جانی تھی۔
برطانیہ کےچیف میڈیکل آفیسرز نےحکومتی فیصلےکا دفاع کیا ہے اور کہا ہے کہ اس دوران حفظان صحت کے اصولوں سے کورونا کو ہرایا جاسکتا ہے، تاہم دیگر جنرل پریکٹشنرز کا کہناہے کہ ویکسین کی دوسری خوراک کیلئے اپائنٹمنٹس کی منسوخی وقت کا زیاں ہوگی اور اس سے عوام میں کنفیوژن پھیلےگی۔
فائزر اور بایواین ٹیک نے بھی خبردار کیا ہے کہ ویکسین کی دو خوراکیں کورونا کیخلاف موثر تحفظ دیتی ہیں تاہم ان کے پاس اس کےشواہد نہیں کہ ویکسین کی ایک خوراک تین ہفتے بعد بھی کوروناسے تحفظ دے سکے گی۔