لندن: کنگز کالج لندن کی ریسرچ اینڈ ایمپیکٹ ٹیم کیطرف سے برطانیہ میں آباد مختلف اقلیتی کمیونٹیز جس میں پشتو، سہلیٹی اور آزاد کشمیر کی پہاڑی کمیونٹی شامل ہیں کے لیے کرونا وائرس سے متعلق بنیادی معلومات اور حفاظتی تدابیر کےحوالے سے 10 وڈیوز پر مشتمل مادری زبان میں ایک سیریز تیار کی گئی ہے، اس موقع پر کنگز کالج لندن کی ریسرچ اینڈ ایمپیکٹ ٹیم کا کہنا ہے کہ اس پراجیکٹ کا بنیادی مقصد ان لوگوں کو معلومات فراہم کرنا ہے جو اردو یا انگلش صحیح طریقے سے بولنے یا سمجھنے سے قاصر ہیں۔
برطانیہ کی اقلیتی کمیونٹیز میں آزاد کشمیری کمیونٹی کا بھی ایک بڑا حصہ برطانیہ میں رہائش پزیر ہے جن کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے پہاڑی زبان میں کرونا وائرس سے متعلق وڈیوز کو بھی ریکارڈ کیا گیا ہے جو مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک، یوٹیوب، واٹس ایپ اور ٹویٹر کے ذریعے شیئر کی جا رہی ہیں۔
تاہم ان وڈیوز کی تیاری میں لوٹن میں مقیم ایوارڈ یافتہ مشہور کشمیری نژاد ڈاکٹر طاہر محمود لون اور ملٹن کینز سے تعلق والے کمیونٹی ایکٹوسٹ اور فری لانسر جرنلسٹ توقیر لون نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ تمام معلوماتی وڈیوز کی تیاری مکمل ہو چکی ہے، اب یہ ذمہ داری ہماری کمیونٹی کے ھر فرد پر عاید ہوتی ہے کہ ان وڈیوز کو آگے اپنی کمیونٹی میں شئیر کریں تا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اپنے پیاروں تک زیادہ سے زیادہ معلومات کو پہنچایا جا سکے تاکہ وائرس سے انسانی زندگیوں کو جو خطرات لاحق ہیں انھیں دور کیا جا سکے ۔