کورونا وبا کے باعث GCSE اور اے لیول کے امتحانات اس سال بھی منسوخ، گریڈز کا فیصلہ قابلیت جانچ کر کیا جائیگا
لندن: انگلینڈ میں کورونا وبا کے سبب اس سال بھی جی سی ایس ای اور اے لیول کے امتحانات منسوخ کردیئے گئےہیں، طلبہ کے گریڈ کا تعین اساتذہ، فرضی امتحانات،کورس ورک اور مضمون لکھنے میں ان کی قابلیت کو جانچ کر کرینگے۔ ایگزام واچ ڈاگ آف کل نے اس طریقہ کار کی تصدیق کردی ہے۔ ایگزام بورڈ تمام مضامین کیلئے ٹیسٹ پیپر تیار کرے گا اور جو کہ طلبہ کی قابلیت کا اندازہ لگانے کیلئے ٹیچرز کی مدد کرینگے، لیکن انہیں امتحان تصور نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اساتذہ گریڈز سے متعلق حتمی فیصلہ اس ٹیسٹ کی بنیاد پر کرینگے۔ اس ٹیسٹ کا انعقاد کرنا اسکولوں کی صوابدید پر ہوگا۔ نتائج کا اعلان اگست میں کردیا جائے گا تاکہ طلبہ کے پاس اپیل کرنے کیلئے کافی وقت ہو، اسکول منسٹر نک گب کا کہنا ہے کہ حکومت ایک ایسا سسٹم متعارف کرانا چاہتی ہے جس کے تحت ٹیچرز ایک ہی معیار کے تحت منصفانہ طریقے س طلبہ کے گریڈز کا تعین کرسکیں۔ گزشتہ برس متنازع الگورتھم سسٹم کو استعمال کرنے کے سبب اے لیول کرنے والے طلبہ کو کم گریڈز ملنے کے سبب مایوسی ہوئی تھی اور انکے شدید احتجاج کے بعد آف کل نے یوٹرن لیتےہوئے گریڈز کے تعین کا اختیار ٹیچرز کے حوالے کردیا تھا۔ گزشتہ برس کے تنازع کے بعد واچ ڈاگ آفکل اور ڈپارٹمنٹ فار ایجوکیشن نے تصدیق کی ہے کہ اس سال الگورتھم سسٹم استعمال نہیں کیا جائے گا اور اساتذہ ہی طلبہ کی سابقہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے گریڈ کا تعین کرینگے۔