چکوال کی ذرخیز زمین دو حوالوں سے پورے پاکستان میں اپنا نام بنائے ہوئے ہے۔ سب سے پہلے افواج پاکستان میں سب سے زیادہ شمولیت، غازیوں اور شہیدوں کی زمین کہلائی جاتی ہے۔ اور دوسرا گندم کی کاشت کے حوالے سے۔ مگر اس سب کے ساتھ ساتھ چکوال نے ادب میں بھی بڑے بڑے نام پیدا کئے۔ اور ان ادبی شخصیات نے اردو ادب کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ چکوال کی سرزمین پر اسی ادبی سفر کو جاری رکھتے ہوئے بلال شبیر ہادی اور عاصم منیر عاشی نے اپنے آبائی گائوں بھیں ضلع چکوال میں ایک محفلِ مشاعرہ کا انعقاد پاک برٹش آرٹس کے زیرِ اہتمام کیا۔16 مئی بروز اتوار 2021 کو نائب صدر پی بی اے چکوال عاصم منیر عاشی کی رہائش گاہ پر منعقدہ اس تقریب کے میزبان صدر پاک برٹش آرٹس چکوال بلال شبیر ہادی اور نائب صدر پاک برٹش آرٹس عاصم منیر عاشی تھے۔ تقریب میں ملک کے نامور شعراء، سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ نوجوان شعراء نے بھی شرکت کی۔ دن دو بجے شروع ہونے والے اس محفلِ مشاعرہ کی نظامت کے فرائض جناب عاصم منیر عاشی صاحب نے احسن طریقے سے انجام دئے۔

تلاوتِ کلامِ پاک کے ساتھ محفل مشاعرہ کا آغاز ہوا۔ اس محفلِ مشاعرہ کی صدارت جدید شاعر اور بانی عالمی ادب اکادمی جناب عرفان خانی (گولڈ میڈلسٹ) نے کی۔ جب کہ مہمانانِ خصوصی میں چیف ایڈیٹر صفی نامہ، کورسپانڈنٹ نوائے وقت، صدر عالمی ادب اکادمی جناب صفی الدین صفی صاحب اور مرکزی صدر پاک برٹش آرٹس نارتھ زون جناب طلعت منیر صاحب تھے۔ دیگر شعراء جنہوں نے اپنا کلام پیش کیا ان میں صدر پاک برٹش آرٹس چکوال بلال شبیر ہادی، نائب صدر پی بی اے چکوال عاصم منیر عاشی، صدر پی بی اے فتح جنگ سردار فخر عباس، اردو اور دھنی کے شاعر جناب نوید اسلم، نثر نگار و شاعر پروفیسر عظمت شہزاد عزمی، شاعر سدیم عارض، شاعر نعیم سرکار، نوجوان فیضان فیضی، حیدر علی حیدر، سبحان خالد، شاہذیب اسد اور حماد ذیف شامل تھے۔ نامور سیاسی و سماجی شخصیت جناب حاجی محمد اشتیاق صاحب اور پی ٹی سی ایل کے چئرمین محمد بشیر صاحب بھی شامل تھے۔
ایڈوکیٹ ظہیر الدین بابر راجپوت اور جناب حاجی اشتیاق صاحب نے خصوصی خطاب کیا۔ ایڈوکیٹ ظہیر الدین بابر نے تمام شرکا کا ادبی تقریب مین شریک ہونے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "ایسی ادبی محافل کا انعقاد بہت اہمیت رکھتا ہے اور اردو ادب کے فروغ کیلئے ایسی تقاریب کا جاری رہنا لازم ہے۔” چکوال کی نامور سیاسی شخصیت حاجی محمد اشتیاق صاحب نے تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے پاک برٹش آرٹس کی چکوال میں ادبی سرگرمیوں کو خوش آئند قرار دیا۔
مرکزی صدر پاک برٹش آرٹس نارتھ جناب طلعت منیر صاحب نے کامیاب محفلِ مشاعرہ کے انعقاد پر میزبان بلال شبیر ہادی، عاصم منیر عاشی اور دیگر شعراء کو مبارک باد پیش کی۔ تمام شعراء کرام کیلئے دوپہر کے کھانے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
Bilal sb doing good work