برادری اِزم کے نعرے سے فائدہ اُٹھانے کی بھونڈی حرکت

0 145

وادئ بناہ حلقہ کھوئی رٹہ کے لوگ اخلاص و محبت کے پیکر ہیں جو آزاد کشمیر بھر میں اپنی زہانت, قابلیت, مہمان نوازی, تہذیب یافتگی, رواداری, برداشت, وسیع النظری اور وسیع القلبی کی وجہ سے ایک باعزت تعارف رکھتے ہیں…. مجھے اہلیانِ کھوئی رٹہ پر فخر ہے… میرے لوگ میرا ناز ہیں اسی لیے مجھے بناہ کا فرزند ہونے پر زعم ہے…
ہم اہلیانِ بناہ نرم دل و حساس طبع ہیں… ہمارے گاؤں محلے میں یتیم کا بچہ بھوکا نہیں سوتا, ہم اپنے پڑوسی کا درد بانٹتے ہیں, ہم اپنے گاؤں محلے کی یتیم/مستحق بچی کی شادی کے اخراجات کا انتظام کرنے کے لیے اتنے ہی فکر مند ہوتے ہیں جیسے ہماری اپنی بیٹی ہو. ہم بہترین سکول میں یتیم بچے کو داخل کروا کر اُس کا خرچ اپنے زمہ لیتے ہیں خواہ ہمیں کسی کی منت سماجت سے وہ خرچ اکٹھا کرنا پڑے…..
ہم سب ایک ہیں, یک جان ہیں, دوسروں کی ماؤں بہنوں کی عصمتوں کی حفاظت کرتے ہیں جیسے اپنی مائیں بہنیں ہوں… ہمارے دکھ درد سانجھے ہیں, بناہ میں ایک بچہ کسی حادثے میں فوت ہو جائے تو ہفتہ ہفتہ پوری بناہ کی ماؤں کی آنکھیں نم رہتی ہیں…. ہم خوشیاں بھی مل کر مناتے ہیں… ہم عید پہ پورے گاؤں میں ہر گھر جاتے ہیں…. ہماری دوستیاں مضبوط اور رشتے پائیدار ہیں…. ہم یاروں سے مسکرا کر اور جپھی ڈال کر ملتے ہیں… ہم کھوٹے نہیں خالص ہیں, سچے سُچے ہیں…..

ہم مختلف برادریوں اور قبیلوں سے تعلق رکھتے ہیں, مگر اللہ پاک کے عطا کردہ شعور کی بنیاد پر ہم سب کا مشترک قبیلہ "انسانیت” ہے…. ہم اسی بنیاد پر محبت کے مضبوط بندھن میں بندھے ہیں… ہم شراکت میں کاروبار کرتے ہیں, ہمارے ڈاکٹر اور معالج سانجھے ہیں, ہمارے اساتذہ, ہمارے رہبر اور ہمارے محسن ہر برادری اور قبیلے سے ہیں….
ہم پانچ سال اطمینان اور سکون سے باہم شیر و شکر ہو کر زندگی کے معاملات میں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں مگر پانچ سال بعد جب الیکشن کا وقت آتا ہے تو اپنے مفادات کے اسیر تخریب کار ایسے حالات پیدا کرتے ہیں کہ جس کے باعث برادریوں کی بنیاد پر نفرت کے بیج بو کر جذباتیت کو ہوا دی جاتی ہے….. اور ایسا بالعموم پانچ سال حکومت میں گزارنے والے لوگ اپنی برادری کے ناراض لوگوں کو جذباتی طور پر بلیک میل کرنے کے لیے کرتے ہیں….. کیونکہ وہ لوگ جِن کی عزتِ نفس کو 5 سال مجروح کیا گیا ہو , جن کے جائز کام میں روڑے اٹکائے گئے ہوں… جن کو گھر سے بے عزت کر کے نکالا گیا ہو… جن کا فون تک اُٹھانا گوارہ نہ کیا گیا ہو وہ لوگ ووٹ کی پرچی سے انتقام ضرور لیتے ہیں… ایسے لوگوں کو برادری اِزم کے گھٹیا نعرے کا جال بچھا کر پھانسنے کی کوشش کی جاتی ہے…..

میرے بناہ کے باشعور شریف النفس لوگو اور بالخصوص میرے نوجوانو…. ! ہر کسی کو حق حاصل ہے کہ وہ خود کو عقل مند سمجھے…. مگر یہ حق کسی سیاسی بونے کو حاصل نہیں کہ وہ ہماری شرافت کی بنیاد پر ہمیں "احمق” سمجھے اور برادری کا نعرہ لگا کر ہمارے حقوق غصب کرنے کے باوجود ہمارے ووٹ ہتھیانے میں کامیاب ہو جائے…. آپ ذرا سوشل میڈیا پر برادری اِزم کے زہریلے نعرے کو ہوا دینے والے کرداروں کے پیچھے بیٹھے ماسٹر مائنڈز پر غور کریں آپ کو سب سمجھ آ جائے گا کہ کون یہ بھونڈی حرکات کروا رہا ہے….

کھوئی رٹہ کے تمام امیدوار ہمارے اپنے ہیں, جسے دل چاہے ووٹ دیں مگر کسی کے گندھے جال میں مت پھنسیں… اللہ پاک ہمارے حلقہ کو امن و آشتی کا گہوارہ بنائیں اور ہمیں محبتوں کی ترویج کرنے کی توفیق عطا فرمائیں. آمین الٰہی آمین

Leave A Reply

Your email address will not be published.