لندن:وزیراعظم بورس جانسن نے سمندری راستے سے مہاجرین برطانیہ میں یلغار پر فرانس کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرو ن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ملک سے انگلش چینل عبور کرنیوالے غیر قانونی مہاجرین کے بہائو کو روکنے کیلئے فوری طور پر موثر اقدامات کریں ، وزیر اعظم بورس جانسن نے الزام عائد کیا کہ فرانسیسی حکام غیر قانونی مہاجرین کو چھوٹی کشتیوں پر برطانیہ جانے سے روکنے کیلئے اپنے ساحلوں پر پولیسنگ نہیں کر رہے جس کی دلیل یہ دی کہ یوکے بارڈر فورس کیلئے مہاجرین کو انگلش چینل میں بحفاظت واپس لانا مشکل ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ فرانس کی طرف سے سمندری راستہ عبور کر کے انگلش چینل پر پہنچنے والے غیر قانونی مہاجرین کی تعداد نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں گزشتہ روز بھی 1185مہاجرین غیر قانونی طو رپر انگلش چینل عبور کر کے برطانیہ میں داخل ہوئے ہیں سیکرٹری داخلہ پریتی پٹیل کے موقف کا دفاع کرتے ہوئے وزیر اعظم بورس جانسن نے فرانس پر زور دیا کہ غیر قانونی مہاجرین کی نقل وحمل روکنے کیلئے فرانس عملی طو رپر ٹھوس اقدامات یقینی بنائے اولڈ بیکسلے اور سڈکپ، جنوب مشرقی لندن میں ایک ویکسی نیشن سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ برطانیہ مہاجرین کے بحران سے انتہائی موثر طریقے سے نمٹ رہا ہے۔
انہوں نے فرانس سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرحدیں مکمل طور پر بند کرے فرانسیسی حکام اگر غیر قانونی مہاجرین کی آمد کا سلسلہ کنٹرول نہیں کرینگے تو سمندر میں انہیں واپس کرنا مشکل ہوگا ہم اسے محفوظ اور انسانی ہمدردی کے طریقے سے کرنے کے خواہاں ہیں مگر ہمارے لئے مشکلات پیدا ہو رہی ہیںفرانسیسی پولیس کو ساحل سمندر پر اپنا نظام موثر بنانا چاہئے۔ وزیر اعظم کے تبصرے اس وقت وائرل ہوئے ہیں جب 1185مہاجرین کی ریکارڈ تعداد انگلش چینل عبور کر کے گزشتہ روز برطانیہ میں داخل ہوئی جبکہ تین مہاجرین کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی ہیں جن کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ہلاک ہو گئے ہونگے۔
وزیر اعظم نے فرانس پر اپنی سرحدیں بند نہ کرنے یا اپنے ساحلوں پر پولیسنگ نہ کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن انگلش چینل کو پار کرنے کے مقصد سے فرانس پہنچ رہے ہیںہم اپنے فرانسیسی ساتھیوں کے ساتھ ہر وقت کام کر رہے ہیں، پورے یورپ کو ہجرت کے بحران کا سامنا ہے جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ بیلاروس اور دیگر مقامات پر کیا ہو رہا ہے، لیکن ہمیں ان فرانسیسی ساحلوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے فرانسیسی دوستوں سے یہ کہوں گا کہ اگر آپ کوریڈور کا دروازہ سرے سے بند کر دیں تو لوگ دوسرے سرے سے راہداری میں نہیں آئیں گے وزیر اعظم نے سیکرٹری داخلہ پریتی پٹیل کے متنازعہ بارڈر بل کا بھی دفاع کیا اور کہا کہ اس کا مقصد برطانیہ میں غیر قانونی داخلے کو روکنا ہے جس کے تحت ان کے دعوے کو ناقابل قبول قرار دیا جا سکتا ہے اور انہیں چار سال کی قید کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔