جامعہ مرکزی مسجد لوٹن میں سیرت النبیﷺ کے مختلف پہلوں پرتعلیمات اورذکرواذکارکے حوالے سے اور میلاد مصطفی ﷺ کی نسبت سے محفل بارہویں پاک کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے ممتاز مذہبی و روحانی رہنما پیر محمد نقیب الرحمن نے کی اس موقع پر سجادہ نشین عید گاہ شریف پیر محمد احسان حسیب الرحمن نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ حضورﷺ کی حیات طیبہ کا جتنا بھی مطالعہ کیا جائے تو ہمیں پتہ چلتا ہے کہ ان کی ساری زندگی کی تعلیمات کا نچور لوگوں کواپنی زندگیاں بہتر بنانے کی دعوت اور دوسرں کے لئے ایک نفع مند انسان بننا ہے، ہمارے آقا و مولا ﷺ کی زندگی کی قابل عمل مثالیں ہمارے لئے بہترین نمونہ ہیں ۔
اس موقع پر انہوں نے دین کے حوالے سے مذید بات کرتے کہا کہ اسلام لوگوں سے پیار ومحبت کا درس دیتا ہے دیارغیر میں رہنے والے مسلمان دین کے بہترین سفیرہیں، انہیں اپنے اعلی اخلاق اور کردار سے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ دین اسلام کے اچھے اورسچے سفیر ہیں ۔
مذید بات کرتے ہوئے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کی وقت دیں اور ان کی اچھی تربیت کیلئے انہیں دین کی تعلیمات سے روشناس کروائیں تاکہ وہ غلط سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں اور معاشرے میں اپنی اچھی زندگی بسر کر سکیں۔
الحرا ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سنٹر مسجد کے ڈائریکٹر پروفیسر مسعود اختر ہزاروی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دین اسلام کی تبلیغ و ترویج میں اہل تصوف کا بہت بڑا کردار ہے جہنوں نے نہ صرف تعلیمات نبوت سے بلکے برکات نبوت سے خلق خدا کے قلوب واذہان کو منور کیا ہے۔
اس موقع پر جامعہ مرکزی مسجد لوٹن کے خطیب حافظ اعجاز احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور اکرمؐ کی سیرت پاک کے رہنما اصولوں پر چل کر ہی ہم ایک اچھے انسان بن سکتے ہیں اس حوالے سے اگر دیکھا جائے تو صوفیہ اکرام نے جہاں خلق خدا کی باطنی اصلاح کی ہے وہاں علمائے کرام کا کام ظاہری اصلاح کرنا ہے۔

خطیب رحمان، وسیم انجم ، راجہ نثار احمد، عابد معصومی، حمزا خالد ، حمزا خان اور شمس خان نے درباررسالت مآب ﷺ میں اپنی عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
محفلِ ذکرِ رسول مقبولﷺ کا اہتمام لوٹن میں مقیم مریدین عیدگاہ شریف جن میں وسیم انجم کیانی، محمد نصیر کیانی، صغیر کیانی، راجہ الطاف ، چوہدری محمد صغیر انور، چوہدری فدا حیسن نے کیا جبکہ الحاج محمد یوسف چشتی، راجہ رفاقت علی، حاجی چوھدری قربان سمیت لوٹن کی سماجی و مذہبی شخصیات کے علاوہ بچوں اور نوجوان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
محفل کے اختتام پر عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز پاکستان میں سیاسی استحکام، انتہا پسندی کے خلاف مکمل اتحاد و یگانگت اور امت مسلمہ میں اخوت اور کامیابی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔
ایسی محافل پاک کے اہتمام کا مقصد اللہ کریم کی رضا و خوشنودی کو پانے کے ساتھ اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی رونما کرنا ہے، تاکہ ہماری ذات کسی کے لئے تکلیف کا باعث نہ ہو، اور ہمارے اخلاق اچھے ہوں ۔