تحریک انصاف حکومت اوورسیز شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرے: چوہدری شفائت پھوٹھی

0 230

لوٹن:آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی حکومت سے لوگوں کو بہت ساری اُمیدیں وابسطہ ہیں، تحریک انصاف حکُومت خطے کے حالات بالخصوص اوورسیز شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرے۔ ادارہ ترقیات میرپور کا قبلہ درست کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات میرپُور پڑھے لکھے اور قلم قبیلہ سے تعلق رکھنے والی شخصیت ہیں، عوام کی ادارہ ترقیات سے شکایات پر شدید افسوس ہے، کارروائی کیجائے۔

ان خیالات کا اظہار میرپور کے نواحی علاقہ پوٹھی سے تعلق رکھنے والے حاجی شفائت چوہدری (صدر کمیٹی مرکزی جامعہ مسجد غوثیہ لوٹن) نے اپنے اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ 30 سال سے مقامی و اوورسیز میرپُوری کمیونٹی کو ادارہ ترقیات میرپور کی جانب سے الاٹ کیے جانے والے پلاٹوں کو دوبارہ نمبر لگا کر الاٹ کیا جا رہا ہے، جو سراسر زیادتی اور ناانصافی ہے۔

اس موقع پر ان کا کہنا ہے کہ اُنہیں میرپُور سے تعلق رکھنے والے بہت سارے لوگوں سے شکایات موصول ہوئی ہیں اور انھوں نے خود بھی ادارہ ترقیات کا دورہ کیا ہے جس سے انھیں شدید مایوسی ہوئی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی ایم ڈی اے عمران چوہدری کا تعلق برطانیہ سے ہے اور اورسیز میرپُوری کمیونٹی اس گمان میں تھی کہ وہ اوورسیز کا درد سمجھتے ہیں لیکن سب کچھ اُس کے برعکس ہے، ادارہ ترقیات میرپور میں چھوٹے سے چھوٹا اور بڑے سے بڑا ملازم ایک دوسرے کی ملی بھگت سے میرپور کے سادہ لوح لوگوں کیساتھ ناانصافیوں میں مصروف ہیں ۔

حاجی شفائت چوہدری نے صدر حکومت ریاست جموں و کشمیر، وزیراعظم آزاد حکُومت ریاست جموں کشمیر سے مطالبہ کیا کہ ادارہ ترقیات میرپُور میں بے ضابطگیوں اور ملازمین کی ملی بھگت کا عوام کے وسیع تر مفاد بالخصوص اوورسیز شہریوں کے مسائل کی خاطر نوٹس لیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.